محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن پر بھی شک، انتباہ جاری

5 1,031

سعید اجمل کے بعد پاکستان کے دوسرے بہترین اسپن باؤلر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن پر بھی اعتراض کردیا گیا ہے۔

محمد حفیظ نے میچ میں صرف 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں (تصویر: BCCI)
محمد حفیظ نے میچ میں صرف 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں (تصویر: BCCI)

محمد حفیظ اس وقت چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں لاہور لائنز کی قیادت کررہے ہیں اور ڈولفنز کے خلاف گزشتہ شب کھیلے گئے میچ میں انہوں نے 18 رنز دے کر 2 وکٹوں کی فاتحانہ کارکردگی بھی دکھائی۔ لیکن اس اہم مقابلے میں جیت کی تمام خوشی کچھ ہی دیر میں کافور ہوگئی جب امپائروں کی جانب سے محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو رپورٹ کیا گیا۔

میچ کے امپائروں کمار دھرماسینا، ونیت کلکرنی اور انیل چودھری نے جمع کرائی گئی رپورٹ میں محمد حفیظ اور ڈولفنز کے باؤلر پرینلان سوبراین کے ایکشن پر اعتراض کرتے ہوئے انہیں انتباہ جاری کیا ہے۔ انہیں ٹورنامنٹ کے مزید میچز کھیلنے کی اجازت تو ہوگی لیکن اب اگر ایک بار بھی ان کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض اٹھا تو وہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام کسی بھی مقابلے میں باؤلنگ نہیں کرپائیں گے، یہاں تک کہ ان کے باؤلنگ ایکشن کو شفاف قرار دیا جائے۔ البتہ یہ رپورٹ ان کی بین الاقوامی کرکٹ پر اثرانداز نہیں ہوگی۔

پاکستان کے نمبر ایک باؤلر سعید اجمل پر حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے پابندی عائد کی ہے اور اس کے علاوہ کئی دیگر باؤلرز، خاص طور پر آف اسپنرز، پابندی کی زد میں آئے ہیں۔ باؤلرز کے خلاف یہ کریک ڈاؤن سی ایل ٹی 20 میں بھی جاری دکھائی دیتا ہے جہاں گزشتہ مقابلے میں لاہور لائنز کے عدنان رسول کے ایکشن کو مشکوک قرار دیا گیا تھا اور اب کپتان محمد حفیظ کی باری آئی ہے۔