آسٹریلیا کے زخمیوں میں ایک اور اضافہ، مچل مارش ٹی ٹوئنٹی نہیں کھیلیں گے

2 1,045

ابھی تو متحدہ عرب امارات کے صحراؤں میں معرکے کا آغاز ہی نہیں ہوا کہ آسٹریلیا نے اپنے زخمی اٹھانے شروع کردیے ہیں۔ پہلے کپتان مائیکل کلارک کی ایک روزہ مرحلے سے باہر ہونے کی بری خبر سامنے آئی، پھر آل راؤنڈر شین واٹسن پورے دورے سے باہر ہوئے اور اب نوجوان مچل مارش بھی زخمیوں کی فہرست میں تازہ اضافہ بن گئے ہیں۔

ان فارم مچل مارش کی عدم موجودگی آسٹریلیا کے امکانات کو بہت ٹھیس پہنچائے گی (تصویر: BCCI)
ان فارم مچل مارش کی عدم موجودگی آسٹریلیا کے امکانات کو بہت ٹھیس پہنچائے گی (تصویر: BCCI)

مچل مارش بھارت میں جاری چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں پرتھ اسکارچرز کی نمائندگی کررہے تھے اور لاہور لائنز کے خلاف آخری گروپ میچ میں انہیں بائیں ران میں تکلیف ہوئی۔ انہوں نے مقابلہ تو پورا کھیلا بلکہ 63 رنز کی فاتحانہ اننگز کی بدولت مردِ میدان بھی قرار پائے لیکن اب آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ 5 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ مچل مارش اس وقت بہترین فارم میں ہیں۔ حالیہ دورۂ زمبابوے میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے ساتھ ساتھ انہوں نے سی ایل ٹی20 میں بھی پرتھ اسکارچرز کو تن تنہا دو مقابلے جتوائے۔ اب پاکستان کے خلاف سیریز میں ان کا کھیلنا یقینی تھا کیونکہ شین واٹسن کی عدم موجودگی میں آل راؤنڈر کی جگہ مارش کے علاوہ کوئی نہ بھرتا۔

آسٹریلیا کے فزیو ایلکس کونٹورس کا کہنا ہے کہ بھارت سے دبئی کے سفر کی وجہ سے مچل مارش کی انجری مزید شدت اختیار کرگئی ہے اور ہوسکتا ہے کہ وہ ایک روزہ سیریز بھی نہ کھیل پائیں۔

آسٹریلیا نے تین ون ڈے مقابلوں کی سیریز کے لیے 14 رکنی دستے کا اعلان کیا تھا جس میں سے تین کھلاڑی تو اب تقریباً باہر ہیں، جبکہ اہم گیندباز مچل جانسن کی شرکت مشکوک ہے۔ جانسن پسلی کی تکلیف کی وجہ سے سی ایل ٹی20 میں کنگز الیون پنجاب کی جانب سے نہیں کھیلے تھے۔ وہ اس وقت ٹیم کے ہمراہ عرب امارات میں موجود ہیں اور تربیت میں حصہ لے رہے ہیں۔ البتہ ان کی شرکت بھی سو فیصد یقینی نہیں۔

اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے سے سیریز میں آسٹریلیا کے امکانات کو سخت ٹھیس پہنچ سکتی ہے جو چند ہفتے قبل پاکستان کے خلاف تمام مقابلوں کے لیے فیورٹ تھا۔