پاکستان کا پہلا زخمی، محمد حفیظ سیریز سے باہر

3 1,096

پاک-آسٹریلیا سیریز کے آغاز سے قبل زخمی کھلاڑیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا اور اس مرتبہ نقصان پاکستان کو پہنچا ہے جس کے اہم آل راؤنڈر محمدحفیظ ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ دونوں مرحلوں سے باہر ہوگئے ہیں۔

سعید اجمل کے بعد اب محمد حفیظ کی بھی عدم موجودگی سے پاکستان کی اسپن صلاحیت کو خاصا دھچکا پہنچے گا (تصویر: ICC)
سعید اجمل کے بعد اب محمد حفیظ کی بھی عدم موجودگی سے پاکستان کی اسپن صلاحیت کو خاصا دھچکا پہنچے گا (تصویر: ICC)

محمد حفیظ گزشتہ روز شارجہ میں پریکٹس کے دوران اپنے بائیں ہاتھ پر چوٹ کھا بیٹھے تھے، جو اتنی شدید تھی کہ بعد ازاں انہیں انگوٹھے اور شہادت کی انگلی کے درمیان پانچ ٹانکے لگے۔ ٹیم فزیو نے جائزے کے بعد انہیں کم از کم دو ہفتے آرام کامشورہ دیا ہے یعنی وہ آسٹریلیا کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی اور اس کے بعد تین ون ڈے مقابلوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ پاک-آسٹریلیا سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کل یعنی اتوار کو دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ ایک روزہ سیریز 7 اکتوبر سے شروع ہوگی۔

محمد حفیظ کا دہرے کردار کے حامل ہیں، ایک جانب مستند اوپنر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھاتے ہیں تو دوسری جانب اہم ٹیم کے اسپن باؤلر بھی ہیں۔ پاکستان نے اوپنر کی حیثیت سے سمیع اسلم اور اسپنر کی حیثیت سے ذوالفقار بابر کو شامل کیا ہے۔ پاکستان انڈر-19 کے کپتان سمیع اسلم اس وقت پاکستان 'اے' کی نمائندگی کے لیے متحدہ عرب امارات ہی میں موجود ہیں۔ جبکہ ذوالفقار بابر جلد امارات روانہ ہوں گے اور شاید پاک-آسٹریلیا ٹی ٹوئںٹی میں شرکت نہ کرپائیں۔

سعید اجمل کے بعد اپنے دوسرے بہترین اسپنر سے محروم ہونے کی وجہ سے پاکستان کی باؤلنگ صلاحیت کو خاصا دھچکا پہنچا ہے جبکہ آسٹریلیا بھی اپنے کپتان مائیکل کلارک، آل راؤنڈر شین واٹسن اور مچل مارش اور اہم باؤلر مچل جانسن کی خدمات سے محروم ہے۔