ویسٹ انڈیز کی عقلمندی، سنیل نرائن کو بھارت سے واپس بلا لیا

6 1,058

ویسٹ انڈیز نے اپنے اہم ترین باؤلر سنیل نرائن کے دورۂ بھارت سے واپس بلا لیا ہے۔ بھارت میں جاری چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں ناقص باؤلنگ ایکشن کو بنیاد بناتے ہوئے سنیل پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ گو کہ سی ایل ٹی20 میں باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے اثرات ان کے بین الاقوامی کھیل پر مرتب نہیں ہوتے، لیکن شاید ویسٹ انڈیز کو خطرہ ہے کہ دورۂ بھارت میں بین الاقوامی مقابلوں میں بھی دھر لیے جانے کے بعد ٹیم کی عالمی کپ کی تیاریوں کو سخت نقصان پہنچ سکتا ہے۔ یعنی ویسٹ انڈیز وہ غلطی نہیں دہرا رہا جو پاکستان نے کی۔ پاکستان نے سعید اجمل کو تمام طرز کی کرکٹ میں بے دریغ استعمال کیا، ٹیسٹ ہو یا ون ڈے یا پھر ٹی ٹوئنٹی، سعید اجمل ہی پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر رہے لیکن اب عالمی کپ سے عین پہلے سعید اجمل کا اخراج بھگت رہا ہے۔

شاید ویسٹ انڈیز عالمی کپ سے پہلے سنیل نرائن کے لیے مزید مسئلے کھڑے ہوتے نہیں دیکھنا چاہتا (تصویر: BCCI)
شاید ویسٹ انڈیز عالمی کپ سے پہلے سنیل نرائن کے لیے مزید مسئلے کھڑے ہوتے نہیں دیکھنا چاہتا (تصویر: BCCI)

اب دنیا کے دوسرے بہترین اسپنر ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن انہی تکلیف دہ مراحل سے گزر رہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے انہیں فوری طور پر وطن واپس بلا لیا ہے۔ چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کے کوارٹر اور سیمی فائنل میں دو مرتبہ باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد وہ ویسے ہی ٹورنامنٹ کے فائنل سے باہر ہوچکے ہیں جہاں آج ان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز روایتی حریف چنئی سپر کنگز کا مقابلہ کرے گی۔

ویسٹ انڈیز کے چیئرمین سلیکٹرو اور سابق کپتان کلائیو لائیڈ نے کہا ہے کہ اپنے بہترین باؤلر کا اہم دورے سے اچانک اخراج مایوس کن ہے، ساتھ ہی انہیں سی ایل ٹی20 میں نرائن کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کرنے پر بھی افسوس ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل حال ہی میں متعدد گیندبازوں کے خلاف کارروائی کرچکا ہے جن میں سب سے اہم دنیا کے نمبر ایک ون ڈے باؤلر سعید اجمل ہیں۔ پاکستان کے دورۂ سری لنکا میں سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کیا گیا اور پھر بایو مکینک جانچ نے ان کے باؤلنگ ایکشن کر قانونی حدود سے تجاوز کرتا پایا، نتیجتاً سعید اجمل کو فوری طور پر بین الاقوامی سطح پر باؤلنگ سے روک دیا گیا ہے اور وہ اس وقت عظیم سابق اسپنر ثقلین مشتاق کی نگرانی میں اپنے باؤلنگ ایکشن کو بہتر بنانے پر کام کررہے ہیں۔

بھارت-ویسٹ انڈیز سیریز رواں ماہ کی 8 تاریخ سے شروع ہوگی جس میں پانچ ایک روزہ مقابلوں کے ساتھ ساتھ ایک ٹی ٹوئنٹی اور تین ٹیسٹ مقابلے کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اہم بلے باز کرس گیل پہلے ہی دورۂ بھارت کے لیے دستیاب نہیں ہیں اور اب سب سے اہم باؤلر کی عدم موجودگی سے ویسٹ انڈیز کے امکانات بہت کم ہوگئے ہیں۔