سہاگ غازی اور پراسپر اتسیا پر بھی پابندی لگ گئی

1 1,085

جب سے بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے نئے ضابطوں کا اعلان کرکے مشکوک باؤلنگ ایکشن کے خلاف کارروائی ڈالی ہے، گاہ کی بھینٹ چڑھنے والا ہر گیندباز پابندی کی سان چڑھا ہے۔ اب تازہ ترین "شکار" بنگلہ دیش کے سہاگ غازی اور زمبابوے کے پراسپر اتسیاہیں، جن کے باؤلنگ ایکشن اگست کے آخر میں رپورٹ ہوئے تھے اور دونوں ویلز کے دارالحکومت کارڈف میں آئی سی سی کی منظور شدہ نئی تنصیب سے بایومکینکس جانچ کروانے کے بعد نتائج کے انتظار میں تھے۔ آج دونوں کے نتائج سامنے آئے، جن میں ان کی تمام گیندیں مقررہ حد سے تجاوز کرتی پائی گئیں اور یوں دونوں کو بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ سے روک دیا گیا ہے۔

سہاگ غازی سمیت اب تک جتنے بھی باؤلرز کے بایومکینکس ٹیسٹ نتائج سامنے آئے ہیں، ان سب پر پابندی لگی ہے (تصویر: AP)
سہاگ غازی سمیت اب تک جتنے بھی باؤلرز کے بایومکینکس ٹیسٹ نتائج سامنے آئے ہیں، ان سب پر پابندی لگی ہے (تصویر: AP)

بنگلہ دیش کے آف اسپن گیندباز سہاگ غازی کو حالیہ دورۂ ویسٹ انڈیز میں مشتبہ باؤلنگ ایکشن کا حامل قرار دیا گیا تھا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق وہ آئندہ چند دنوں میں سہاگ کے باؤلنگ ایکشن پر کام کا آغاز کرے گا۔

دوسری جانب زمبابوے کے پراسپر اتسیا کی جانچ کا نتیجہ بھی باؤلر کے حق میں نہیں آیا۔ اتسیا کےباؤلنگ ایکشن کو اگست میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں رپورٹ کیا گیا تھا۔

دونوں گیندبازوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہوگی اور وہ اسی صورت میں بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ کر پائیں گے کہ اپنے باؤلنگ ایکشن کو بہتر بنانے کے بعد اسے قانونی حدود کے اندر لائیں اور دوبارہ جانچ کرواکے خود کو قانونی گیندباز ثابت کریں۔

آئی سی سی کی مہم کے تحت اب تک ایک روزہ کرکٹ کے نمبر ایک باؤلر سعید اجمل سمیت درجن بھر گیندبازوں کے باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے سعید کے علاوہ سری لنکا کے سچیتھرا سینانائیکے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن پر بھی پابندی عائد کی گئی۔ یعنی وہ تمام باؤلر جن کے باؤلنگ ایکشن آئی سی سی کی منظور شدہ تنصیبات میں جانچے گئے، وہ سب پابندیوں کا شکار بنے۔

علاوہ ازیں حالیہ چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن اور پاکستان کے محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن بھی امپائروں کی نظروں میں آئے، گو کہ سی ایل ٹی 20 میں رپورٹ ہونے کا اطلاق بین الاقوامی سطح پر نہیں ہوتا لیکن اس کے باوجود ویسٹ انڈیز نے سنیل نرائن کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے دورۂ بھارت سے واپس بلا لیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک ہر سطح پر رپورٹ ہونے والے تقریباً تمام ہی گیندباز آف اسپنر ہیں، یعنی کہ آف اسپن باؤلنگ کا مستقبل بہت تاریک دکھائی دیتا ہے۔