پاکستان اگلے سال انگلستان اور بھارت کی میزبانی کرے گا

1 1,047

سال 2015ء اس لیے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے کہ اس میں عالمی کپ کھیلا جائے گا لیکن ٹیسٹ میں پاکستان کے لیے اس کی اہمیت یوں بہت زیادہ ہے کہ 2015ء میں پاک-بھارت کرکٹ تعلقات بحال ہونے کی امید ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 8 سال کے طویل عرصے کے بعد پہلی سیریز اگلے سال دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی، جو دونوں ملکوں کی حکومتوں کی اجازت سے مشروط ہوگی لیکن اس سے پہلے انگلستان کے خلاف ایک بھرپور سیریز یقینی ہے جس کے بارے میں پاکستان کا کہنا ہے کہ اکتوبر اور نومبر میں کھیلی جائے گی۔

اگلے سال 8 برس بعد پاک-بھارت ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی (تصویر: AFP)
اگلے سال 8 برس بعد پاک-بھارت ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی (تصویر: AFP)

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اکتوبر و نومبر 2015ء میں تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی مقابلہ کھیلنے کے لیے انگلستان کی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات کا دورہ کرے گی۔

2009ء میں لاہور میں سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بند ہے اور پاکستان پانچ سالوں سے دیگر ٹیموں کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کررہا ہے جس میں انگلستان کے خلاف 2011-12ء میں کھیلی گئی گزشتہ سیریز بھی شامل ہے جہاں پاکستان نے ٹیسٹ میں تاریخی کلین سویپ کیا تھا البتہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں بری طرح شکست کھائی۔ اس کے بعد پاکستان دو ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے لیے بھارت کی میزبانی کرے گا اور پی سی بی کے مطابق یہ دونوں سیریز بورڈ کی مالی حالت بہتر بنانے کا شاندار موقع ہوں گی۔

پاکستان اور بھارت کے مابین آخری ٹیسٹ سیریز 2007ء میں بھارت میں کھیلی گئی تھی جس کے بعد اگلے سال بھارت نے ممبئی میں دہشت گرد حملوں کا الزام پاکستان پر لگانے کے بعد اس سے کرکٹ تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ 2012ء کے اواخر میں دونوں ملکوں کے درمیان ایک روزہ مقابلوں کی مختصر سیریز ضرور کھیلی گئی لیکن ایک مکمل سیریز اب بھی کھیلنی باقی ہے جو اگلے سال دسمبر میں طے شدہ ہے۔