پاک-آسٹریلیا پہلا ٹیسٹ: کمزور ترین باؤلنگ کے ساتھ 19 رکنی ابتدائی دستے کا اعلان

2 1,032

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے 19 رکنی ابتدائی دستے کا اعلان کردیا ہے، جس میں یونس خان کی شمولیت سے بیٹنگ لائن کو تو مضبوط کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن محمد عرفان، جنید خان، وہاب ریاض اور سعید اجمل کی عدم موجودگی میں باؤلنگ لائن کی حالت بہت ہی خراب دکھائی دے رہی ہے۔ اس صورت میں جبکہ محمد حفیظ کی شرکت یقینی نہیں، محمد طلحہ، راحت علی، عمران خان، احسان عادل، عطاء اللہ، ذوالفقار بابر، یاسر شاہ اور رضا حسن پر مشتمل لائن اپ کے ساتھ دنیا کے بہترین بلے بازوں کے سامنے بند باندھنا پاکستان کے بس کی بات نہیں لگتی۔

باؤلنگ لائن میں واحد تجربہ کار کھلاڑی محمد حفیظ کی شمولیت بھی ان کی فٹنس سے مشروط ہے (تصویر: AFP)
باؤلنگ لائن میں واحد تجربہ کار کھلاڑی محمد حفیظ کی شمولیت بھی ان کی فٹنس سے مشروط ہے (تصویر: AFP)

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین معین خان نے 19 رکنی ابتدائی دستے کی فہرست چیئرمین بورڈشہریار خان کو پیش کی جنہوں نے اس کی منظوری دے دی ہے البتہ 22 اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے حتمی دستے کا اعلان پاکستان 'اے' اور آسٹریلیا کے پریکٹس مقابلے کے بعد ہوگا جو کل یعنی بدھ سے شارجہ میں شروع ہوگا۔ اس دستے کی منظوری سلیکشن کمیٹی کے اراکین، کپتان مصباح الحق اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے بھی دی ہے۔

محمد حفیظ کی شمولیت ان کی صحت یابی سے مشروط ہے جو سیریز کے آغاز سے قبل ہی بائیں ہاتھ پر چوٹ کھا بیٹھے تھے اور یوں محدود اوورز کے مرحلے میں نہیں کھیل پائے تھے۔ اب بھی وہ ٹیسٹ سیریز میں اسی صورت کھیل سکیں گے کہ مکمل طور پر فٹ قرار پائیں۔ ابتدائی دستے میں یونس خان، اظہر علی اور توفیق عمر بھی شامل ہیں جن میں سے یونس خان اور اظہر علی کی شمولیت تو یقینی ہے البتہ توفیق عمر کو اوپننگ پوزیشن پر محمد حفیظ اور احمد شہزاد کے علاوہ شان مسعود اور سمیع اسلم سے مقابلہ بھی درپیش ہوگا۔

پاک-آسٹریلیا ون ڈے سیریز کے آخری مقابلے سے دستبردار ہونے کے بعد کپتان مصباح الحق کے لیے یہ سیریز بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہوگی کیونکہ ان کے اپنے الفاظ میں اگر وہ ٹیسٹ سیریز سے فارم میں واپس نہ آ سکے تو ممکن ہے کہ عالمی کپ میں پاکستان کی قیادت نہ کرسکیں۔

پاک-آسٹریلیا پہلے ٹیسٹ کے لیے 19 رکنی ابتدائی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

مصباح الحق (کپتان)، احسان عادل، احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، توفیق عمر، حارث سہیل، ذوالفقار بابر، راحت علی، رضا حسن، سرفراز احمد، سمیع اسلم، شان مسعود، عطاء اللہ، عمران خان، محمد حفیظ، محمد طلحہ، یاسر شاہ اور یونس خان۔