[ریکارڈز] مرد بحران یونس خان، سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی

0 1,064

دبئی میں صرف 7 رنز پر 2 وکٹیں گنوانے والے پاکستان کو 12 سال قبل کی یادیں ڈرانے لگیں، جب یونس خان نے میدان میں قدم رکھا۔ یہ 2002ء کے بعد متحدہ عرب امارات میں پہلا پاک-آسٹریلیا ٹیسٹ ہے، اور اس سے پاکستان کی کوئی اچھی یادیں وابستہ نہیں۔ شارجہ میں کھیلے گئے "اُس" ٹیسٹ میں پاکستان پہلی اننگز میں 59اور دوسری میں 53 رنز پر ڈھیر ہو گیا تھا اور یونس خان دونوں بار دہرے ہندسے میں بھی نہیں پہنچ سکے تھے۔ اب دبئی میں وہ محض چوتھے اوور میں میدان میں اترے، دیکھا بھالا، سنبھلے، جمے اور بالآخر اپنے کیریئر کی ریکارڈ 25 ویں اور آسٹریلیا کے خلاف پہلی سنچری داغ ڈالی۔ یوں نہ صرف پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے بلکہ تمام ٹیسٹ ممالک کے خلاف کم از کم ایک سنچری بنانے والے واحد پاکستانی کھلاڑی بھی قرار پائے۔

یونس خان تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے خلاف سنچریاں بنانے والے واحد پاکستانی بیٹسمین بن گئے ہیں (تصویر: Getty Images)
یونس خان تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کے خلاف سنچریاں بنانے والے واحد پاکستانی بیٹسمین بن گئے ہیں (تصویر: Getty Images)

92 ٹیسٹ میچز پر مشتمل کیریئر میں 51 سے زیادہ کا اوسط رکھنے والے یونس خان کے لیے سب سے مشکل حریف آسٹریلیا رہا ہے۔ وہ کبھی آسٹریلیا کے خلاف تہرے ہندسے کی اننگز نہیں کھیل سکے تھے اور آج جب پاکستان کو ان کی سخت ضرورت تھی تو انہوں نے یہ کارنامہ بھی انجام دے ڈالا اور انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سنچریوں کا قومی ریکارڈ برابر کر ڈالا۔

یونس نے سنچریوں کا آغاز فروری 2000ء میں اپنے پہلے ہی ٹیسٹ کردیا تھا جب سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 107 رنز کی اننگز کے ذریعے میچ بچانے کی زبردست کوشش کی۔ پاکستان کے گیندباز سری لنکا کو 220 رنز کا ہدف حاصل کرنے سے تو نہ روک سکے اور سری لنکا مقابلہ 2 وکٹوں سے جیت گیا لیکن یونس کے لیے راہ متعین ہو چکی تھی، اور انہوں نے پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ وہ سری لنکا ہی کے خلاف اب تک 7 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ جس میں کیریئر کی بہترین 313 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔ یونس نے 25 میں سے 5سنچریاں بھارت کے خلاف بنا رکھی ہیں جبکہ ، جنوبی افریقہ کے خلاف 4، ویسٹ انڈیز، انگلستان اور بنگلہ دیش کے خلاف دو، دو اور نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف ایک، ایک بار تہرے ہندسے کی اننگز کھیلی ہے۔

دبئی میں یونس خان کو دن کے چوتھے اوور ہی میں میدان میں قدم رکھنا پڑا اور پھر انہوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر 108 رنز کی زبردست شراکت داری قائم کرکے پاکستان کو ابتدائی مشکلات سے نکالا اور بعد ازاں کپتان مصباح الحق کے ساتھ مل کر مزید 83 رنز کا اضافہ کیا۔ وہ دن کے آخری لمحات میں مچل جانسن کی تیسری وکٹ بنے۔ 223 گیندوں پر ایک چھکے اور 10 چوکوں سے مزین اس اننگز میں یونس نے 106 رنز بنائے، جو میچ کے نتیجے سے قطع نظر مدتوں یاد رکھے جائیں گے۔ اس اننگز کے ساتھ ہی یونس خان تاریخ کے ان 19 بلے بازوں میں شامل ہو چکے ہیں جنہیں 25 یا اس سے زیادہ سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔

یوں ایک روزہ کیریئر پر سوالات اٹھنے کے بعد یونس نے محض چند ماہ کے فرق سے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ اب بھی پاکستان کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ حالیہ دورۂ سری لنکا میں بھی انہوں نے گال میں سنچری بنائی تھی اور اب آسٹریلیا کے خلاف بھی پہلے ٹیسٹ کے پہلے ہی دن تہرے ہندسے کی اننگز کھیل کر ناقدین کو بھرپور جواب دیا ہے۔

ملاحظہ کیجیے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست، یونس خان کا نام سب سے اوپر جگمگا رہا ہے،۔

سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے پاکستانی کھلاڑی

مقابلے رنز بہترین اسکور اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
یونس خان 92 7716 313 51.78 25 28
انضمام الحق 119 8829 329 50.16 25 46
محمد یوسف 90 7530 223 52.29 24 33
جاوید میانداد 124 8832 280* 52.57 23 43
سلیم ملک 103 5768 237 43.69 15 29