مصباح نے عمران خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

5 1,020

آسٹریلیا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں یونس خان کی ناقابل فراموش کارکردگی نے کئی بلے بازوں کو گہنا دیا ہے۔ دبئی میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں احمد شہزاد اور سرفراز احمد کی شاندار سنچریوں کا ذکر خیر چند ہی زبانوں پر آ سکا، کیونکہ وہاں یونس خان نے دونوں اننگز میں سنچریاں بنائی تھیں اور آج ابوظہبی میں کپتان مصباح الحق کو فارم میں واپس لانے والی سنچری کی تعریف کرنے والا بھی شاید ہی کوئی ملے، کیونکہ یونس خان کیریئر کی پانچویں ڈبل سنچری بنا گئے ہیں۔ لیکن آج ابوظہبی میں مصباح الحق نے انتہائی خاموشی کے ساتھ کیریئر کا ایک بہت ہی اہم سنگ میل عبور کیا۔ 101 رنز کی اننگز کے دوران وہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز اسکور کرنے والے کپتان بن گئے۔

مصباح الحق کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں (تصویر: Getty Images)
مصباح الحق کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں (تصویر: Getty Images)

ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی چھٹی دوسرے روز چائے کے وقفے سے قبل 166 گیندوں پر اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی اور آسٹریلیا کے خلاف پہلی سنچری بنائی۔ کینگروز کے خلاف مصباح کی کارکردگی ہمیشہ بہت مایوس کن رہی ہے، لیکن فارم میں نہ ہونے کے باوجود یہ شاندار سنچری ان کے لیے بہت حوصلہ افزاء ہوگی۔ پاکستان یونس خان کی ڈبل سنچری اور مصباح اور اظہر علی کی سنچریوں کی بدولت 570 رنز کا بڑا مجموعہ اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوا اور آسٹریلیا کے لیے سیریز بچانے کے امتحان کو بہت سخت بنا دیا ہے۔

کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا ریکارڈ مصباح الحق سے قبل عمران خان کے پاس تھا۔ عمران خان نے اپنے 10 سالہ قائدانہ کیریئر میں 48 مقابلے کھیلے اور 52.34 کے اوسط کے ساتھ 2408 رنز بنائے۔ ان میں 5 سنچریاں اور 14 نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔ عمران خان، کہ جن کی شہرت ایک تیز گیندباز کی حیثیت سے تھی، کے یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ وہ کس پائے کے آل راؤنڈر تھے۔

مصباح الحق ابوظہبی میں کیریئر کا 50 واں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں، جہاں پہلی اننگز کے اختتام تک وہ 47.98 کے اوسط کے ساتھ 3455 رنز بنا چکےہیں۔ ان 50 میں سے 31 مقابلوں میں مصباح الحق نے قیادت کے فرائض بھی انجام دیے ہیں اور یہ ذمہ داری ان کی کارکردگی کو مزید نکھارتی ہے۔ ان 31 مقابلوں میں مصباح کا اوسط 58.26 ہے اور رنز کی تعداد 2447 ہے، جس کی بدولت وہ عمران خان کو پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔

مصباح الحق ایک ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانیوں میں سب سے بہترین اوسط بھی رکھتے ہیں اور سب سے زیادہ نصف سنچریاں بھی۔ خود ہی ملاحظہ کیجیے۔ ہم ذیل میں ان تمام پاکستانی بلے بازوں کی فہرست پیش کررہے ہیں جنہوں نے کپتان کی حیثیت سے 1 ہزار یا اس سے زیادہ رنز بنائے۔

کپتان کی حیثیت سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز

بلے باز ملک مقابلے رنز بہترین اننگز اوسط سنچریاں نصف سنچریاں
مصباح الحق پاکستان 31 2447 135 58.26 4 22
عمران خان پاکستان 48 2408 136 52.34 5 14
انضمام الحق پاکستان 31 2397 184 52.10 7 14
جاوید میانداد پاکستان 34 2354 211 50.08 5 13
سلیم ملک پاکستان 12 1047 237 52.35 3 3
مشتاق محمد پاکستان 19 1035 121 33.38 3 4