نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ، پاکستان کا فاتح دستہ برقرار

0 1,013

پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی میں تاریخی فتح حاصل کرنے والے 16رکنی دستے کو اسی میدان پر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے بھی برقرار رکھا ہے۔

ابوظہبی میں آسٹریلیا کو تاریخی شکست دینے والا دستہ ہی یوم اقبال پر نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گا (تصویر: Getty Images)
ابوظہبی میں آسٹریلیا کو تاریخی شکست دینے والا دستہ ہی یوم اقبال پر نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گا (تصویر: Getty Images)

گزشتہ ہفتے پاکستان نے آسٹریلیا کو ابوظہبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں 356 رنز کے ریکارڈ فرق سے شکست دی تھی اور اس سے قبل سیریز کا دبئی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بھی 221 رنز سے جیتا تھا۔ یوں پاکستان نے گزشتہ دو دہائیوں میں پہلی بار آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی۔ اس شاندار کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف یوم اقبال یعنی 9نومبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے اسی دستے کو برقرار رکھا ہے جنہوں نے چند روز قبل آسٹریلیا کو چت کیا تھا۔

چیف سلیکٹر معین خان کہتے ہیں کہ دستہ برقرار رکھنے کا فیصلہ ٹیم میں استحکام پیدا کرنے اور اس کی کارکردگی میں تسلسل لانے کے لیے کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف حالیہ کامیابیوں کو قابل فخر گردانتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں فوری طور پر اس جیت کو پس پشت ڈالنا ہوگا تاکہ اپنی نظریں نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ سیریز پر مرکوز کر سکیں۔ جہاں پاکستان کو اپنی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھنے کی ضرورت ہوگی۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے گزشتہ ٹیسٹ میں یونس خان نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنائی جبکہ کپتان مصباح الحق اور اظہر علی نے دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے کا کارنامہ انجام دیا۔ مصباح الحق کی دوسری اننگز میں بنائی گئی سنچری اس لیے یادگار تھی کہ اس میں انہوں نے تیز ترین نصف سنچری اور تیز ترین سنچری کے عالمی ریکارڈ بھی قائم کیے۔ ان کے علاوہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 26 وکٹیں حاصل کرنے والی اسپنرز کی جوڑی ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ بھی نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کے لیے خطرہ ثابت ہوں گے۔ پھر بلیک کیپس کا مقابلہ ایسی حوصلہ مند ٹیم سے ہونے جا رہا ہے جس کے خلاف نیوزی لینڈ کا ریکارڈ بہت ہی مایوس کن ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تاریخ میں 50 ٹیسٹ مقابلوں کھیلے گئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 23 اور نیوزی لینڈ نے صرف 7 میچز جیتے ہیں۔ پھر نیوزی لینڈ پچھلے 30 سالوں میں پاکستان کے خلاف کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیت سکی اور مجموعی طور پر کھیلی گئی 19 باہمی سیریز میں بھی صرف دو میں اسے فتح حاصل ہوئی ہے۔ تاریخ کے دھارے کو پلٹنے کے لیے نیوزی لینڈ کو سخت محنت کرنے کی ضرورت ہوگی ورنہ نتیجہ گزشتہ سیریز سے مختلف نہیں نکلے گا۔

پاک-نیوزی لینڈ پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کا دستہ:

مصباح الحق (کپتان)، احسان عادل، احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، توفیق عمر، حارث سہیل، ذوالفقار بابر، راحت علی، سرفراز احمد، شان مسعود، عمران خان، محمد حفیظ، محمد طلحہ، یاسر شاہ اور یونس خان۔