آسٹریلیا کا بھرپور جواب، ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر

0 1,008

آسٹریلیا نے باؤلنگ کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اب تین مقابلوں کی سیریز دو-دو سے برابر ہوگئی ہے اور 9 نومبر کو سڈنی میں ہونے والا تیسرا ٹی ٹوئنٹی فیصلہ کن ہوگا۔

آسٹریلیا نے اسی مارجن سے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز برابر کر ڈالی، جس سے اسے گزشتہ میچ میں شکست ہوئی تھی (تصویر: Getty Images)
آسٹریلیا نے اسی مارجن سے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز برابر کر ڈالی، جس سے اسے گزشتہ میچ میں شکست ہوئی تھی (تصویر: Getty Images)

ملبورن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے مقابلے میں مردِ میدان کیمرون بوائس، جیمز فاکنر اور پیٹرک کمنز کی شاندار باؤلنگ نے جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو دم ہی نہ لینے دیا۔ پہلے مقابلے میں باآسانی 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے والے پروٹیز بلے بازوں کو آج پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے وہ آسانیاں میسر نہ آئیں، جو پچھلے میچ میں ملی تھیں۔ ہلے ہی اوور میں ڈوگ بولنجر کے ہاتھوں کوئنٹن ڈی کوک کی وکٹ گنوائی تو اگلے ہی اوور میں گزشتہ مقابلے کے ہیرو ریلی روسو صرف 12 رنز بنانے کے بعد جیمز فاکنر کا پہلا شکار بن گئے۔ ریزا ہینڈرکس نے کپتان ژاں-پال دومنی کے ساتھ مل کر معاملات سنبھالنے کی کوشش کی لیکن اننگز کی رفتار بڑھانے میں نہ وہ کامیاب ہو سکے اور نہ آنے والا کوئی بیٹسمین۔ صرف 32 رنز جوڑنے کے لیے دونوں بلے بازوں نے تقریباً 7 اوورز کھیل لیے۔ رن اوسط کی جو کسر رہ گئی تھی وہ فرحان بہاردین اور دومنی کے 22 گیندوں پر بنائے گئے 14 رنز سے پوری ہوگئی۔ ایک اینڈ سے دومنی تو جمے رہے لیکن دوسرے سرے پر کوئی بھی آسٹریلوی باؤلرز کے خلاف وہ کارکردگی نہ دکھا سکا، جس کی ضرورت تھی۔ جب 20 اوورز مکمل ہوئے تو مجموعہ بمشکل تہرے ہندسے میں داخل ہو سکا۔ دومنی 51 گیندوں پر 49 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فاکنر نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو کھلاڑیوں کو اسپنر کیمرون بوائس نے آؤٹ کیا۔ انہوں نے اپنے 4 اوورز میں صرف 15 رنز دیے جبکہ پیٹرک کمنز نے دن کا واحد میڈن اوور پھینکنے کے ساتھ ساتھ اپنے مقرر 4 اوورز میں صرف 11 رنز دے کر ایک وکٹ بھی حاصل کی۔

صرف 102 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کو بھلا کیا مشکلات پیش آتیں؟ پہلی ہی وکٹ کپتان آرون فنچ اور وکٹ کیپر بین ڈنک نے برق رفتاری کے ساتھ 44 رنز جڑ ڈالے۔ پھر شین واٹسن نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور گیارہویں اوور ہی میں آسٹریلیا 92 رنز تک پہنچ گیا۔ واٹسن راین میک لارن کے ایک ہی اوور میں 4 چوکے جڑنے کے بعد 30 رنز بنا کر پارنیل کا دوسرا شکار بنے جبکہ اس میچ کے لیے خاص طور پر طلب کیے گئے گلین میکس ویل کو صفر کی ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا۔ کپتان آرون فنچ کی 44 رنز کی اننگز نے میچ کو 13 ویں اوور ہی میں نتیجے تک پہنچا دیا۔ یوں آسٹریلیا نے اسی مارجن کے ساتھ میچ جیت کر حساب چکتا کردیا، جس سے اسے گزشتہ مقابلے میں شکست ہوئی تھی۔ اب سب کی نظریں سڈنی پر ہیں کہ جہاں اتوار کو فیصلہ کن معرکہ ہوگا۔