ملک کی نمائندگی کے خواب کو سچ ثابت کرنے کا جنون ہے: شاہ زیب خان

0 1,065

غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے کریک ڈاؤن نے آف اسپن گیندبازوں کے لیے سخت حالات پیدا کردیے ہیں۔ اب تک سعید اجمل سمیت متعدد آف اسپن باؤلرز پر پابندی لگائی جاچکی ہے اور کئی اپنے منطقی انجام کے منتظر ہیں۔ ان حالات نے لیگ اسپن گیندبازوں کو ایک مرتبہ پھر مرکزی حیثیت دے دی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین حالیہ ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ کی عمدہ باؤلنگ نے لیگ اسپنرز کو ایک مرتبہ پھر نمایاں کردیا ہے۔ انہی گیندبازوں میں کراچی سے تعلق رکھنے والے شاہ زیب احمد خان بھی شامل ہیں۔

شاہ زیب جاری قائد اعظم ٹرافی میں صرف 3 میچز میں 19 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں
شاہ زیب جاری قائد اعظم ٹرافی میں صرف 3 میچز میں 19 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں

جاری قائد اعظم ٹرافی میں کراچی ڈولفنز کی نمائندگی کرنے والے شاہ زیب کا یہ پانچواں سیزن ہے اور پچھلے سیزن کی عمدہ کارکردگی کے بعد رواں سیزن میں اب تک تین مقابلوں میں 19 کھلاڑیوں کو شکار بنا چکے ہیں۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد گہری نظر رکھنے والے کرکٹ پنڈتوں کا خیال ہے کہ شاہ زیب خان قومی کرکٹ ٹیم کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔ اگر پاکستان مستقبل پر نظر رکھنا چاہتا ہے تو اسے رضا حسن اور شاہ زیب خان جیسے نوجوانوں کو اعتماد بخشنا ہوگا۔ "کرک نامہ" سے خصوصی گفتگو میں شاہ زیب نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حالیہ کارکردگی سے ان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے۔

23 سالہ شاہ زیب کہتے ہیں کہ قومی ٹیم کی نمائندگی ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے، اور میں اس خواب کو سچ ثابت کرنے کے جنون میں مبتلا ہوں۔ میری کوشش ہے کہ بہتر سے بہتر کارکردگی دکھاؤں۔ لیگ اسپن گیندبازوں کی مشکلات کے حوالے سے شاہ زیب نے کہا کہ لیگن اسپن باؤلر کے لیے ٹیم میں جگہ بنانا خاصا مشکل ہوتا ہے، کیونکہ اسے رنز زیادہ پڑ جاتے ہیں اس لیے کپتان کا ساتھ بے حد ضروری ہے اور میری خوش قسمتی ہے کہ میرے کپتان نے مجھ پر بہت اعتماد کیا۔ یہی وجہ ہے کہ میں زیادہ وکٹیں لے رہا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ جلد ہی قومی ٹیم تک پہنچ جاؤں گا۔

اپنی باؤلنگ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے شاہ زیب ماضی کے عظیم کھلاڑیوں سے رہنمائی کے خواہشمند ہیں۔ لیگ اسپن باؤلنگ میں شین وارن اور عبد القادر سے بڑا نام کون ہوگا؟ اس لیے شاہ زیب بھی ان کوششوں میں ہیں کہ کسی طرح شین وارن سے رابطہ کریں اور انہیں اپنی وڈیوز بھیج کر ٹپس لیں۔ اس کے علاوہ وہ اپنی گگلی کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان کے 'جادوگر' لیگ اسپنر عبد القادر سے رہنمائی کے خواہشمند ہیں اور قائد اعظم ٹرافی کے دوران لاہور میں عظیم کھلاڑی سے مل کر ان سے ہدایات لینا چاہتے ہیں۔

اب تک 28 فرسٹ کلاس مقابلوں میں 80 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہ زیب ایک اچھے آل راؤنڈر بھی ثابت ہو سکتے ہیں کیونکہ وہ 22 سے زیادہ کا بیٹنگ اوسط بھی رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں لسٹ 'اے' میں 23 اور ٹوئنٹی 20 میں بھی 14 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ جاری قائد اعظم ٹرافی میں انہوں نے پورٹ قاسم اتھارٹی کے خلاف 7، سوئی گیس کے خلاف 9 اور زرعی ترقیاتی بینک کے خلاف 3 وکٹیں حاصل کیں۔