محمد حفیظ بھی مشکوک باؤلرز کی فہرست میں

0 1,023

پاکستان ٹیسٹ میں مسلسل فتوحات ضرور حاصل کررہا ہے، لیکن عالمی کپ سے صرف تین ماہ کے فاصلے پر ایک روزہ ٹیم کی کارکردگی تشویش ناک حد تک مایوس کن ہے۔ رواں سال کے اوائل میں ایشیا کپ کی شکست سے لے کر آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ایک روزہ سیریز میں کلین سویپ ہار تک، ایک روزہ ٹیم کی کوئی کل سیدھی نہیں دکھائی دیتی۔ اپنے نمبر ایک گیندباز سعید اجمل پر پابندی کے بعد جو کسر باقی رہ گئی تھی وہ محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن پر شبہ ظاہر ہونے کے بعد پوری ہوچکی ہے۔

محمد حفیظ حالیہ چیمپئنز لیگ ٹی20 میں بھی شک کی نگاہ میں آئے تھے، لیکن اب بین الاقوامی کرکٹ میں دھر لیے گئے ہیں (تصویر: Getty Images)
محمد حفیظ حالیہ چیمپئنز لیگ ٹی20 میں بھی شک کی نگاہ میں آئے تھے، لیکن اب بین الاقوامی کرکٹ میں دھر لیے گئے ہیں (تصویر: Getty Images)

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 248 رنز کی شاندار جیت کا سارا مزا محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہونے سے خراب ہوگیا ہے۔ اس نے پاکستان کی عالمی کپ کی تیاریوں کو سخت ترین دھچکا پہنچایا ہے جو پہلے ہی سعید اجمل پر پابندی کی وجہ سے متاثر ہوچکی ہیں۔

ابوظہبی ٹیسٹ کے خاتمے پر امپائروں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینیجر معین خان کو مطلع کیا کہ انہیں محمد حفیظ کی باؤلنگ پر شک ہے۔ اب حفیظ کو تین ہفتوں کے اندر اندر آئی سی سی کی منظور شدہ کسی بھی تنصیب سے اپنے باؤلنگ ایکشن کی جانچ کروانا ہوگی، جس کے نتائج کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا کہ آیا مستقبل میں حفیظ باؤلنگ کرپائیں گے یا نہیں۔

چند ماہ قبل چیمپئنز لیگ ٹی20 کے دوران حفیظ کے باؤلنگ ایکشن پر پہلی بار اعتراض کیا گیا تھا لیکن کیونکہ وہ بین الاقوامی مقابلے نہیں تھے، اس لیے اس کا اطلاق بین الاقوامی کرکٹ پر نہیں ہوا تھا۔ لیکن ابوظہبی ٹیسٹ کے بعد اب محمد حفیظ کی مشکوک باؤلرز کی زد میں آنے والے ہیں۔

محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں بھی باؤلنگ کے ذریعے اپنا حصہ ڈالا تھا، لیکن اس وقت انہیں کسی شک و شبہ سے نہیں گزرنا پڑا البتہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ہی ٹیسٹ میں پھینکے گئے 22 اوورز سے وہ شک کی زد میں آ گئے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل حالیہ چند مہینوں میں کئی آف اسپن گیندبازوں پر پابندی لگا چکی ہے جن میں ون ڈے کے نمبر ایک باؤلر سعید اجمل بھی شامل ہیں۔ آئی سی سی کی "چھاپہ مار مہم" کے دوران اب تک جتنے بھی باؤلرز پر پابندی لگی ہے، یا وہ شک کی زد میں آئے ہیں، تقریباً سارے ہی آف اسپنرز ہیں۔ اس کو دیکھیں تو محمد حفیظ کے بچنے کے امکانات بہت کم دکھائی دیتے ہیں۔