نیوزی لینڈ کے خلاف بقیہ ٹیسٹ، پاکستانی دستے میں کوئی تبدیلی نہیں

0 1,011

فتوحات کی راہ پر گامزن دستے میں تبدیلی کا کوئی جواز بھی نہیں بنتا اس لیے پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف بقیہ دو ٹیسٹ سیریز کے لیے بھی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ یہاں تک کہ زخمی احمد شہزاد کے متبادل تک کو طلب نہیں کیا گیا۔

احمد شہزاد کے زخمی ہونے کے بعد اب توفیق عمر کے لیے راستہ صاف دکھائی دیتا ہے (تصویر: AFP)
احمد شہزاد کے زخمی ہونے کے بعد اب توفیق عمر کے لیے راستہ صاف دکھائی دیتا ہے (تصویر: AFP)

احمد شہزاد پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اس وقت زخمی ہوگئے تھے جب وہ 176رنز پر کھیل رہے تھے۔ کوری اینڈرسن کا ایک باؤنسر ان کی دائیں کنپٹی پر اس شدت کے ساتھ لگا کہ ہیلمٹ ہونے کے باوجود ان کی ایک ہڈی میں معمولی فریکچر ہوگیا اور اب وہ ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق چھ ہفتوں کا آرام کریں گے۔ احمد کی عدم موجودگی میں توفیق عمر یا شان مسعود میں سے کسی ایک کی شمولیت کے امکانات ہیں۔

ٹیم مینیجر کہتے ہیں کہ "ٹیم میں تبدیلی بھی احمد شہزاد کی انجری کی وجہ سے کی جائے گی، ورنہ ہمیں اس کی بھی ضرورت نہیں تھی۔ اس کے باوجود پاکستان اگلے دونوں ٹیسٹ مقابلوں میں بھی فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھنے کا خواہشمند ہے اور مکمل اعتماد رکھتا ہے۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ 248 رنز کے بھاری فرق سے جیتا تھا اور ایک-صفر کی برتری کے ساتھ 17 نومبر سے دبئی میں دوسرا ٹیسٹ کھیلے گا۔