[ریکارڈز] سب سے کم اننگز میں 7 ہزار ون ڈے رنز

0 1,019

آسٹریلیا کے خلاف پہلا ایک روزہ مقابلہ ہی جنوبی افریقہ کے لیے خاصا تشویشناک رہا کیونکہ عالمی کپ سے صرف تین ماہ کے فاصلے پر ایک اہم سیریز کا آغاز ہی شکست کے ساتھ ہونا جنوبی افریقہ کے لیے نیک شگون نہیں ہے۔ جن بلند حوصلوں کے ساتھ کپتان ابراہم ڈی ولیئرز آسٹریلیا پہنچے تھے، ٹی ٹوئنٹی شکست اور اس کے بعد ایک روزہ سیریز میں ناکام آغاز نے ان تمام ارمانوں پر پانی ڈال دیا ہے۔ البتہ 'اے بی' نے ایک انفرادی سنگ میل ضرور عبور کیا ہے۔

ابراہم ڈی ولیئرز نے سارو گانگلی کا عالمی ریکارڈ توڑ کر اپنے نام کیا ہے (تصویر: Getty Images)
ابراہم ڈی ولیئرز نے سارو گانگلی کا عالمی ریکارڈ توڑ کر اپنے نام کیا ہے (تصویر: Getty Images)

ابراہم ڈی ولیئرز نے 80 رنز کی شاندار اننگز کے دوران 7 ہزار ایک روزہ رنز کا سنگ میل عبور کیا، وہ بھی سب سے کم اننگز میں نیا ریکارڈ قائم کرکے۔ ڈی ولیئرز نے صرف166 اننگز میں 7 ہزار ون ڈے رنز بنا کر سابق بھارتی کپتان سارو گانگلی کا 174 اننگز میں بنایا گیا عالمی ریکارڈ توڑا۔

پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں جنوبی افریقہ اس وقت تک 301 رنز کے ہدف کے تعاقب میں درست سمت میں گامزن تھا جب تک کپتان کریز پر موجود تھے لیکن جب وہ آؤٹ ہوئے تو پھر مقابلے پر گرفت برقرار نہ رہ سکی اور پوری ٹیم 268 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقہ 32 رنز سے مقابلہ ہار گیا۔

ایک روزہ کرکٹ کے چند بہت بڑے نام تیز رفتاری کے ساتھ 7 ہزار رنز مکمل کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں جن میں ویسٹ انڈیز کے عظیم برائن لارا، ڈیسمنڈ ہینز اور کرس گیل، جنوبی افریقہ کے ژاک کیلس، بھارت کے سچن تنڈولکر اور مہندر سنگھ دھونی اور پاکستان کے سعید انور شامل ہیں۔ البتہ ڈی ولیئرز نے بہت بڑے فرق کے ساتھ سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

2 فروری 2005ء کو اپنے ایک روزہ کیریئر کا آغاز کرنے والے ڈی ولیئرز اب تک 172 ایک روزہ مقابلے کھیل چکے ہیں، جن کی 166 اننزگ میں 51.23 کے شاندار اوسط کے ساتھ 7019 رنز بنا چکے ہیں۔ 95.48 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بنائے گئے یہ رنز ظاہر کرتے ہیں کہ محدود اوورز کی کرکٹ میں 'اے بی' ایک مکمل کھلاڑی ہیں۔ وہ اب تک 18 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔

اس شاندار ریکارڈ کو اب ایک بڑے خطرے کا سامنا ہے۔ بھارت کے ویراٹ کوہلی اس وقت 137 اننگز ہی میں 6069 رنز تک پہنچ چکے ہیں اور وہ باآسانی تیز ترین 7 ہزار رنز بنانے کا ڈی ولیئرز کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔

ذیل میں سب سے کم اننگز میں 7 ہزار ایک روزہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست ملاحظہ کیجیے:

سب سے کم اننگز میں 7 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے اننگز بمقابلہ بمقام بتاریخ عرصہ
ابراہم ڈی ولیئرز جنوبی افریقہ 172 166 آسٹریلیا پرتھ 14 نومبر 2014ء 9 سال 285 دن
سارو گانگلی بھارت 180 174 کینیا پارل 24 اکتوبر 2001ء 9 سال 286 دن
برائن لارا ویسٹ انڈیز 187 183 جنوبی افریقہ سینٹ جارجز 6 مئی 2001ء 10 سال 178 دن
ڈیسمنڈ ہینز ویسٹ انڈیز 188 187 بھارت ایڈیلیڈ 14 دسمبر 1991ء 13 سال 295 دن
ژاک کیلس جنوبی افریقہ 197 188 سری لنکا کولمبو 20 اگست 2004ء 8 سال 224 دن
سچن تنڈولکر بھارت 196 189 سری لنکا کولمبو 7 جولائی 1998ء 8 سال 201 دن
کرس گیل ویسٹ انڈیز 194 189 نیوزی لینڈ نیپئر 13 جنوری 2009ء 9 سال 124 دن
مہندر سنگھ دھونی بھارت 212 189 پاکستان چنئی 30 دسمبر 2012ء 8 سال 7 دن
رکی پونٹنگ آسٹریلیا 196 192 سری لنکا دمبولا 22 فروری 2004ء 9 سال 7 دن
سعید انور پاکستان 197 194 آسٹریلیا سڈنی 4 فروری 2000ء 11 سال 34 دن