عالمی درجہ بندی میں بھارت کے بلے باز چھا گئے

2 1,079

سری لنکا کے شاندار کلین سویپ، اور بیٹنگ کے بے رحمانہ مظاہرے کے بعد بھارت کے بلے باز عالمی درجہ بندی میں مزید آگے پہنچ گئے ہیں۔

کوہلی صرف چھ سالوں میں 21 ون ڈے سنچریاں بنا چکے ہیں (تصویر: BCCI)
کوہلی صرف چھ سالوں میں 21 ون ڈے سنچریاں بنا چکے ہیں (تصویر: BCCI)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جاری کردہ تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق ویراٹ کوہلی کیریئر کی 21 ویں سنچری کی بدولت ایک روزہ بلے بازوں میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ سیریز کے دوران 264 رنز کی تاریخی انفرادی اننگز کھیلنے والے روہیت شرما پندرہویں نمبر پر آن پہنچے ہیں۔

کوہلی نے اتوار کو ہونے والے پانچویں ایک روزہ میں 139 رنز کی فاتحانہ و ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ اس سے قبل 66، 53 اور 49 رنز کی تین بہترین باریاں کھیل چکے تھے۔ جبکہ اگلے پچھلے تمام عالمی ریکارڈز توڑنے والے روہیت 18 درجے ترقی پا کر 15 ویں نمبر پر فائز ہوئے ہیں۔ انہوں نے کولکتہ میں کھیلے گئے ایک روزہ مقابلے میں 264 رنز بنائے تھے۔ بلے بازوں میں جنوبی افریقہ کے کپتان ابراہم ڈی ولیئرز سرفہرست ہیں۔

گیندبازوں میں پاکستان کے سعید اجمل بدستور نمبر ایک ہیں جنہیں اپنے قریبی ترین حریف سنیل نرائن پر 17 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ پابندی کے شکار سعید اجمل کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے فی الحال کوئی امکانات نظر نہیں آتے اس لیے جلد ہی ان سے یہ درجہ بھی چھن جائے گا۔

عالمی کپ سے صرف تین ماہ قبل بدترین شکست کے باوجود سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز کی کارکردگی نمایاں رہی۔ 139، 75 اور 92 رنز کی تین شاندار اننگز اور چار وکٹوں کی بدولت وہ دنیا کے نمبر ایک ون ڈے آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔ پاکستان کے محمد حفیظ اب دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بلے بازوں میں بھی 10 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں بہت تیزی کے ساتھ تبدیلیاں متوقع ہیں کیونکہ اس وقت آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی دو شاندار ٹیمیں مدمقابل ہیں اور سیریز میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے وہ بھارت کو نمبر ایک مقام سے محروم کرسکتی ہیں۔