بھوونیشور کمار سال کے بہترین بھارتی کھلاڑی قرار

1 1,107

چند روز قبل بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے عوام کے پسندیدہ کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے نوجوان بھارتی گیندباز بھوونیشور کمار اب بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی سال کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے ہیں۔

گزشتہ ایک سال میں بھارت کی مایوس کن کارکردگی کے باوجود بھوونیشور سب سے نمایاں کردار رہے (تصویر: Getty Images)
گزشتہ ایک سال میں بھارت کی مایوس کن کارکردگی کے باوجود بھوونیشور سب سے نمایاں کردار رہے (تصویر: Getty Images)

بی سی سی آئی ایوارڈز 2014ء میں 'بھووی' کو پولی امریگر ایوارڈ سے نوازا جائے گا جبکہ ماضی کے عظیم کھلاڑی دلیپ وینگسارکر کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا جائے گا۔

ایوارڈز کی تقریب 21 نومبر کو ممبئی میں منعقد ہوگی جہاں اکتوبر 2013ء سے ستمبر 2014ء کے درمیان عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ ان میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے پرویز رسول بھی شامل ہیں جنہیں رنجی ٹرافی 2013-14ء میں بہترین آل راؤنڈر کا لالا امرناتھ ایوارڈ دیا اجئے گا۔ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر مہاراشٹر کے کیدھر جادو اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے پر رشی دھاون کو کو مدھوراؤ سندیا ایوارڈز دیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں بی سی سی آئی نے سال کے بہترین انڈر-25، انڈر-19، انڈر-16 اور خاتون کھلاڑی کے ناموں کا بھی اعلان کیا جنہیں ایم اے چدمبرم ٹرافیاں دی جائیں گی۔

سال کا سب سے بڑا اعزاز حاصل کرنے والے بھوونیشور کمار نے مذکورہ عرصے میں 7 ٹیسٹ مقابلے کھیلے اور 22 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ 263 رنز بھی بنائے۔ اس مایوس کن دور میں وہ بھارت کی کارکردگی کا واحد روشن پہلو تھے۔

علاوہ ازیں دلیپ وینگسارکر سنیل گاوسکر کے بعد 100 ٹیسٹ کھیلنے والے دوسرے کھلاڑی بنے اور عالمی کپ 1983ء جیتنے والے دستے کا بھی حصہ تھے۔ 16 سالہ کیریئر میں دلیپ نے 116 ٹیسٹ اور 129 ایک روزہ مقابلے کھیلے اور ان میں بالترتیب 6868 اور 3508 رنز بنائے۔

دلیپ کو ایوارڈ کے ساتھ 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے جبکہ بھووی کو 5 لاکھ روپے ملیں گے۔