حفیظ اگلے ہفتے انگلستان میں باؤلنگ ایکشن کی جانچ کروائیں گے

0 1,016

پاکستان کے آل راؤنڈر محمد حفیظ اپنے باؤلنگ ایکشن کی جانچ کے لیے اگلے ہفتے انگلستان جائیں گے جہاں لیسٹرشائر کی لفبرا یونیورسٹی میں ان کے ایکشن کو بایومکینیکل بنیادوں پر جانچا جائے گا۔

اگر محمد حفیظ پر بھی پابندی لگ گئی تو یہ عالمی کپ سے قبل پاکستان کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہوگا (تصویر: Getty Images)
اگر محمد حفیظ پر بھی پابندی لگ گئی تو یہ عالمی کپ سے قبل پاکستان کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہوگا(تصویر: Getty Images)

نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ کے پہلے مقابلے میں حفیظ کے باؤلنگ ایکشن پر شک ظاہر کیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں آئی سی سی قوانین کے تحت تین ہفتوں کے اندر اندر بھی کسی منظور شدہ تجربہ گاہ سے جانچ کروانی ضروری ہے۔ پاکستان نے حال ہی میں منظوری پانے والی انگلستان کی لفبرا یونیورسٹی کا انتخاب کیا ہے جہاں 24 نومبر کو ماہرین محمد حفیظ پر تجربات کریں گے۔

حفیظ ران کے پٹھے کی تکلیف کی وجہ سے دبئی میں جاری دوسرے پاک-نیوزی لینڈ ٹیسٹ میں شرکت نہیں کررہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مینیجر معین خان نے کہا ہے کہ محمد حفیظ فوری طور پر وطن واپس روانہ ہوچکے ہیں جہاں سے وہ 23 نومبر کو انگلستان روانہ ہوں گے اور 24 کو جانچ کے بعد اگلے روز دبئی پہنچیں گے۔ اگر وہ فٹ ہوئے تو شارجہ کے تیسرے ٹیسٹ کے لیے ان کے انتخاب پر غور کیا جائے گا۔

جب تک جانچ کے نتائج سامنے نہ آئیں، تب تک حفیظ کو باؤلنگ کی مکمل اجازت ہوگی البتہ اگر ان کا ایکشن شفاف ثابت نہ ہوسکا تو انہیں فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ میں گیندبازی سے روک دیا جائے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جولائی میں غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کے خلاف 'چھاپہ مار کارروائی' شروع ہونے سے لے کراب تک زیادہ تر آف اسپنر ہی اس کی زد میں آئے ہیں اور جو آف اسپن گیندباز بھی تجربات کی بھینٹ چڑھا ہے، دوبارہ باؤلنگ کے قابل نہیں ہوا۔ محمد حفیظ سے پہلے پاکستان کے نمبر ایک باؤلر سعید اجمل پر بھی شک ظاہر کیا گیا تھا اور بالآخر جانچ کے نتائج کی بنیاد پر ان پر پابندی لگا دی گئی۔

حال ہی میں بھارت میں کھیلی گئی چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی میں بھی محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن پر اعتراض کیا گیا تھا لیکن کیونکہ وہ ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ نہیں تھا، اس لیے ایکشن رپورٹ ہونے کے باوجود اس کا اطلاق ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ پر نہیں ہوا۔ اب اگر محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن جانچ میں بھی قانونی حدود سے تجاوز کرتا پایا گیا تو انہیں بھی سعید اجمل کی طرح پابندی کا سامنا کرنا ہوگا اور تب تک دوبارہ باؤلنگ نہیں کروا سکیں گے جب تک اپنے باؤلنگ ایکشن پر محنت کرنے کے بعد اسے قانونی قرار نہ دلوا سکیں۔

اگر سعید اجمل کے بعد محمد حفیظ پر بھی پابندی لگ گئی تو یہ عالمی کپ سے قبل پاکستان کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔