احمد شہزاد اور وہاب ریاض کی صحت یابی، آئندہ سیریز میں واپسی کا امکان

0 1,039

اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے باوجود فتوحات حاصل کرنے کے بعد پاکستان کے لیے اب مزید خوشخبریاں موجود ہیں کیونکہ اس کے کئی کھلاڑی اب مکمل طور پر صحت یاب ہوگئے ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے تیار ہیں۔

احمد شہزاد اپنے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین اننگز کھیلنے کے بعد زخمی ہوئے تھے (تصویر: Getty Images)
احمد شہزاد اپنے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین اننگز کھیلنے کے بعد زخمی ہوئے تھے (تصویر: Getty Images)

ان میں سب سے اہم اوپنر احمد شہزاد ہیں جنہیں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سر پر چوٹ آئی تھی۔ حریف باؤلر کوری اینڈرسن کا ایک باؤنسر ان کے ہیلمٹ پر لگا تھا۔ یہ ضرب اتنی شدید تھا کہ دائیں کنپٹی کے قریب کھوپڑی کی ایک ہڈی میں معمولی فریکچر ہوگیا جس کی وجہ سے وہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے لیکن اب ان کی جلدی واپسی کے امکانات نظر آ رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ بیان کے مطابق بدھ کو ماہر معالج نے احمد شہزاد کا معائنہ کیا اور پایا کہ معمولی سوجن کے علاوہ ایسی کوئی چیز نہیں جس کی وجہ سے سرجری کی نوبت آئے۔ اب سوموار کو ایک مرتبہ پھر ان کی جانچ کی جائے گی۔ گو کہ ابتداء میں انہیں چھ ہفتے تک کھیلوں کی سرگرمیوں سے دور رہنے کا کہا گیا تھا لیکن اب ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ہو اگلے ہفتے ہی تھوڑی بہت مشقیں شروع کر سکتے ہیں۔

پاکستان نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تمام ٹیسٹ مقابلے اپنے اہم ترین تیز باؤلر جنید خان کے بغیر کھیلے ہیں جو گھٹنے کی تکلیف کی وجہ سے میدان سے باہر ہیں۔ اگلے ہفتے ان کا بھی معائنہ کیا جائے گا اور پھر حتمی فیصلہ ہوگا کہ وہ عالمی کپ سے پہلے نیوزی لینڈ کے خلاف اس اہم سیریز میں کھیل پائیں گے یا نہیں۔ جنید کے کھیلنے کے امکانات تو بہت کم ہیں لیکن ان کے ساتھی تیز باؤلر وہاب ریاض گھٹنے کی تکلیف سے اب مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اگلے ہفتے وہاب ریاض کا فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا جس کے بعد سلیکشن کمیٹی ان کی شمولیت کا حتمی فیصلہ کرے گی۔

پاکستان کے لیے واحد مایوس کن خبر صہیب مقصود کا زخمی ہونا ہے۔ نوجوان مڈل آرڈر بلے باز گزشتہ ماہ پاکستان 'اے' کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلتے ہوئے کلائی کی چوٹ کا شکار ہوگئے تھے اور اب نیوزی لینڈ کے محدود اوورز کی آئندہ سیریز سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔ آل راؤنڈر محمد حفیظ جو اس وقت انجری سے زیادہ اپنے باؤلنگ ایکشن کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہیں، بھی بحالی کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

شارجہ میں تیسرے ٹیسٹ کے بعد پاک-نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کا آغاز 4 نومبر کو دبئی میں پہلے ٹی ٹوئنٹی سے ہوگا۔