آسٹریلیا-بھارت پہلا ٹیسٹ ایڈیلیڈ منتقل

0 1,010

آسٹریلیا اور بھارت کے مابین پہلا ٹیسٹ برسبین سے ایڈیلیڈ منتقل کردیا گیا ہے البتہ اس کی تاریخوں کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ۔ ایڈیلیڈ منتقلی کی وجہ غالباً یہ ہے کہ بھارتی ٹیم اس وقت ایڈیلیڈ شہر میں موجود ہے اور اگر ترتیب کار کے مطابق چلا جائے تو ٹیم کو آج یعنی سوموار کو برسبین کے لیے روانہ ہوجانا چاہیے تھا لیکن حتمی فیصلے سے قبل اس اضافی سفر سے بچانے کے لیے فوری طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلا ٹیسٹ ایڈیلیڈ ہی میں کھیلا جائے گا، لیکن کب کھیلا جائے گا؟ یہ فی الحال طے ہونا باقی ہے۔

ایڈیلیڈ اوول میں سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کھیلا جانا تھا، لیکن اب یہ میدان پہلے ٹیسٹ کا میزبان ہوگا۔ زیر نظر تصویر میں ویراٹ کوہلی ایڈیلیڈ میں فلپ ہیوز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اپنا بیٹ رکھ رہے ہیں (تصویر: Getty Images)
ایڈیلیڈ اوول میں سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کھیلا جانا تھا، لیکن اب یہ میدان پہلے ٹیسٹ کا میزبان ہوگا۔ زیر نظر تصویر میں ویراٹ کوہلی ایڈیلیڈ میں فلپ ہیوز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اپنا بیٹ رکھ رہے ہیں (تصویر: Getty Images)

چار ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز 4 دسمبر سے برسبین میں شروع ہونا تھی لیکن چند روز قبل آسٹریلیا کے اوپنر فلپ ہیوز کی ناگہانی موت نے سب کچھ تلپٹ کردیا ہے۔ ہیوز کی آخری رسومات 3 دسمبر کو ان کے آبائی قصبے میکس وِل میں منعقد ہوں گی جس میں آسٹریلیا کے موجودہ و سابق کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شریک ہوگی اور اگلے ہی روز گابا، برسبین میں ٹیم نے پہلا ٹیسٹ کھیلنا تھا لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے فیصلہ کیا کہ وہ تب تک کھلاڑیوں کو میدان میں نہیں اتارے گا، جب تک کہ وہ ذہنی طور پر تیار نہیں ہوں گے۔ فی الحال آسٹریلیا کے تمام کھلاڑی خاص طور پر کپتان مائیکل کلارک اور شاں ایبٹ ، سخت صدمے میں ہیں اور ان کی ظاہری حالت دیکھ کر بھی واضح ہو رہا ہے کہ وہ ٹیسٹ کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

ایڈیلیڈ اوول میں درحقیقت دوسرا ٹیسٹ مقابلہ کھیلا جانا تھا جو درحقیقت 12 سے 16 دسمبر تک طے کیا گیا تھا اگر اسی کو پہلا ٹیسٹ قرار دیا جاتا ہے تو ابتدائی تینوں ٹیسٹ مقابلوں کے درمیان بہت کم فاصلہ رہ جائے گا۔ دونوں ٹیموں کو 26 دسمبر کے روایتی باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے پہلے درمیان میں برسبین میں، یا کسی او رمقام پر، دوسرا ٹیسٹ بھی کھیلنا پڑے گا۔ سیریز کا چوتھا و آخری ٹیسٹ 3 جنوری سے اسی میدان پر کھیلا جانا ہے، جہاں 25 نومبر کو فلپ ہیوز کے زخمی ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس کے دو روز بعد وہ انتقال کرگئے تھے، یعنی سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر۔

فلپ ہیوز کپتان مائیکل کلارک کے زخمی ہونے کی وجہ سے بھارت-آسٹریلیا سیریز کھیلنے کے لیے مضبوط امیدوار تھے۔ اب سیریز کے آغاز میں تاخیر کی وجہ سے ممکن ہے کہ کلارک جسمانی طور پر تندرست ہوجائیں، گو کہ وہ ذہنی طور پر اب بھی فٹ نہیں ہیں۔

اب آئندہ چند روز بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔ ڈھائی مہینے بعد ورلڈ کپ کی آمد کی وجہ سے اس وقت ویسے بھی ون ڈے کرکٹ کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے اور اگر چار ٹیسٹ مقابلوں کی سیریز تاخیر کا شکار ہوتی ہے تو اس کے نتیجے میں آئندہ شیڈول بھی سخت متاثر ہونے کا امکان ہے۔