عالمی کپ 2015ء: وارم-اپ مقابلوں کا شیڈول جاری

0 1,018

بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے عالمی کپ 2015ء کے مکمل شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس میں مقابلے کے آغاز کے اوقات اور وارم اپ مقابلے بھی شامل ہیں۔ اعلان کے مطابق عالمی کپ سے قبل 8 سے 13 فروری تک ایڈیلیڈ، کرائسٹ چرچ، ملبورن اور سڈنی میں کل 14 وارم-اپ مقابلے کھیلے جائیں گے ، جنہیں ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کا درجہ حاصل نہیں ہوگا۔ ان مقابلوں کا آغاز پہلے روز ایڈیلیڈ میں میزبان آسٹریلیا اور موجودہ عالمی چیمپئن بھارت کے درمیان میچ سے ہوگا جبکہ پاکستان پہلا وارم-اپ 9 فروری کو بنگلہ دیش جبکہ دوسرا 11 فروری کو انگلستان کے خلاف کھیلے گا۔

عالمی کپ سے قبل 8 سے 13 فروری تک 14 وارم-اپ مقابلے کھیلے جائیں گے جن میں پاکستان بنگلہ دیش اور انگلستان کے مدمقابل ہوگا (تصویر: Getty Images)
عالمی کپ سے قبل 8 سے 13 فروری تک 14 وارم-اپ مقابلے کھیلے جائیں گے جن میں پاکستان بنگلہ دیش اور انگلستان کے مدمقابل ہوگا (تصویر: Getty Images)

ان تمام مقابلوں کے لیے میدانوں میں مفت داخلے کی اجازت ہوگی البتہ شائقین کو ٹکٹ حاصل کرنا پڑیں گے جن کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

کیونکہ وارم-اپ مقابلوں کو ایک روزہ بین الاقوامی کا درجہ حاصل نہیں ہوگا اس لیے ٹیمیں اپنے تمام 15 کھلاڑیوں کو آزما سکتی ہیں، البتہ فیلڈنگ کے لیے 11 سے زیادہ کھلاڑیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان میچز میں بنائے گئے رنز، حاصل کی گئی وکٹیں اور کیچز ریکارڈ بک کا حصہ نہیں بنیں گے۔

علاوہ ازیں آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2015ء کے دوران مقابلوں کے آغاز کے اوقات بھی جاری کردیے ہیں جس کے مطابق 14 فروری کو نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے مابین ہونے والا افتتاحی مقابلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے (پاکستان کے وقت کے مطابق رات 3 بجے) شروع ہوگا جبکہ اسی روز آسٹریلیا اور انگلستان کا ملبورن میں ہونے والا میچ دوپہر ڈھائی بجے (پاکستان کے وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے) شروع ہوگا۔ 29 مارچ کو ملبورن میں ہی ہونے والا فائنل بھی اتنے ہی بجے شروع ہوگا۔

عالمی کپ 2015ء، وارم-اپ مقابلے

 بتاریخ بمقام ٭بوقت
8 فروری 2015ء بھارت بمقابلہ آسٹریلیا ایڈیلیڈ 2 بجے دوپہر
9 فروری 2015ء جنوبی افریقہ بمقابلہ سری لنکا کرائسٹ چرچ 11 بجے صبح
9 فروری 2015ء نیوزی لینڈ بمقابلہ زمبابوے کرائسٹ چرچ 11 بجے صبح
9 فروری 2015ء  انگلستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز سڈنی ڈھائی بجے دوپہر
9 فروری 2015ء پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش سڈنی ڈھائی بجے دوپہر
10 فروری 2015ء آئرلینڈ بمقابلہ اسکاٹ لینڈ سڈنی ڈھائی بجے دوپہر
10 فروری 2015ء بھارت بمقابلہ افغانستان ایڈیلیڈ دو بجے دوپہر
11 فروری 2015ء نیوزی لینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ کرائسٹ چرچ 11 بجے صبح
11 فروری 2015ء سری لنکا بمقابلہ زمبابوے کرائسٹ چرچ 11 بجے صبح
11 فروری 2015ء آسٹریلیا بمقابلہ متحدہ عرب امارات ملبورن ڈھائی بجے دوپہر
11 فروری 2015ء پاکستان بمقابلہ انگلستان سڈنی ڈھائی بجے دوپہر
12 فروری 2015ء ویسٹ انڈیز بمقابلہ اسکاٹ لینڈ سڈنی 10 بجے صبح
12 فروری 2015ء آئرلینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش سڈنی 10 بجے صبح
13 فروری 2015ء افغانستان بمقابلہ متحدہ عرب امارات ملبورن 10 بجے صبح

٭تمام اوقات مقامی وقت کے مطابق ہیں