محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن بھی غیر قانونی ہوگیا

2 1,051

بالآخر وہی ہوا کہ جس کا ڈر تھا، محمد حفیظ کی صورت میں ایک اور آف اسپنر بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کے خلاف کریک ڈاؤن کی زد میں آ گیا ہے۔ یوں عالمی کپ سے صرف دو ماہ قبل پاکستان کو دوسرا سب سے بڑا دھچکا لگا ہے، کیونکہ اس کے نمبر ایک باؤلر سعید اجمل پر پہلے ہی پابندی بھگت رہے ہیں اور اب دوسرے بہترین اسپن باؤلر حفیظ کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔

محمد حفیظ سعید اجمل کے بعد دوسرے اہم ترین پاکستانی باؤلر ہیں جن کے ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے (تصویر: AFP)
محمد حفیظ سعید اجمل کے بعد دوسرے اہم ترین پاکستانی باؤلر ہیں جن کے ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے (تصویر: AFP)

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایک آزاد جانچ کے بعد پایا گیا کہ محمد حفیظ کی تمام گیندیں کہنی میں 15 درجے تک کے خم کی قانونی حد سے تجاوز کرتی پائی گئیں۔ حفیظ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں شک کی زد میں آئے تھے جس کے بعد باؤلنگ ایکشن کی جانچ کے لیے برطانیہ بھیجے گئے تھے۔ جانچ کے بعد نتائج کے آنے تک انہیں باؤلنگ کروانے کی اجازت تھی، اس لیے وہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ اور پھر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی باؤلنگ کرواتے رہے لیکن اب آئندہ ایک روزہ سیریز میں باؤلنگ نہیں کروا سکیں گے۔

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق اب محمد حفیظ کو اپنے باؤلنگ ایکشن کو اس حد تک بہتر بنانا ہوگا کہ وہ مقرر کیے گئے قانونی دائرے میں آ جائے۔ اپنے ساتھی آف اسپن گیندباز سعید اجمل کی طرح وہ اسی صورت میں دوبارہ باؤلنگ کروا سکتے ہیں کہ ایکشن کی تبدیلی کے بعد ان کا نیا باؤلنگ ایکشن درست قرار پائے۔ اگر دوسری جانچ میں بھی وہ ناکام ثآبت ہوئے تو ان کی باؤلنگ پر ایک سال کی پابندی عائد کردی جائے گی۔

ستمبر میں چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کے دوران بھی محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا لیکن اس کا اطلاق بین الاقوامی کرکٹ پر نہیں ہوا تھا۔ البتہ خطرے کی گھنٹی اسی وقت بج چکی تھی اور حفیظ کے تمام تر اعتماد کے باوجود بالآخر نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں وہ بھی قانون کے شکنجے میں آ گئے۔

گزشتہ پانچ ماہ میں کئی گیندبازوں کے ایکشن رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد آف اسپن باؤلرز کی ہے بلکہ جتنے بھی گیندباز پابندی کا شکار ہوئے ہیں وہ تمام کے تمام آف اسپنرز ہیں۔

عالمی کپ کے قریب اپنے اہم ترین آل راؤنڈر سے محرومی پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے کیونکہ محمد حفیظ اہم ترین باؤلر تصور کیے جاتے ہیں بلکہ کئی بار پاکستان کی جانب سے باؤلنگ کا آغاز بھی کرتے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کے خلاف ان کی باؤلنگ خاص طور پر کارگر ثابت ہوتی ہے۔