کلارک نئی مصیبت سے دوچار، کیریئر داؤ پر

0 1,020

آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک بمشکل صحت یاب ہونے کے بعد میدان میں اترے اور ایک اور نئی مصیبت سے دوچار ہونے کے بعد اب دوبارہ باہر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

مائیکل کلارک بمشکل ران کی تکلیف سے چھٹکارہ پاکر ٹیسٹ میں شامل ہوئے تھے کہ اب کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں (تصویر: Getty Images)
مائیکل کلارک بمشکل ران کی تکلیف سے چھٹکارہ پاکر ٹیسٹ میں شامل ہوئے تھے کہ اب کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں (تصویر: Getty Images)

ایڈیلیڈ میں بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن کمر کی تکلیف نے انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہونے پر مجبور کردیا حالانکہ وہ ران کے پٹھے میں کھنچاؤ سے چھٹکارہ پانے کے بعد بمشکل میدان میں اتر پائے تھے۔

بھارت-آسٹریلیا پہلا ٹیسٹ بہت جذباتی ماحول میں کھیلا گیا، کیونکہ یہ فلپ ہیوز کی موت کے بعد آسٹریلیا کا پہلا مقابلہ تھا۔ پہلے روز جہاں ڈیوڈ وارنر کی دھواں دار سنچری اور اس کے بعد آسمان کی جانب اشارہ اور کپتان مائیکل کلارک کے ساتھ گلے ملنا شائقین کرکٹ کو افسردہ کر گیا۔ لیکن بحیثیت مجموعی آسٹریلیا نے پہلے ہی روز میچ پر غلبہ حاصل کرلیا ہے۔ ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 354 رنز بنا چکی ہے جبکہ اسٹیون اسمتھ 72 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور مائیکل کلارک کی وکٹ بھی ابھی باقی ہے، جو فٹ ہونے کی صورت میں دوبارہ میدان میں اتر سکتے ہیں۔

کلارک اور ڈیوڈ وارنر کے درمیان 118 رنز کی بہترین شراکت داری جاری تھی کہ کلارک نے تکلیف کے عالم میں ٹیم فزیو کو 1طلب کیا اور کچھ دیر بعد میدان سے باہر چلے گئے۔ اس وقت کلارک 84 گیندوں پر 60 رنز کے ساتھ ناقابل شکست تھے جبکہ وارنر ایک شاندار سنچری مکمل کر چکے تھے۔ وارنر کی اننگز 145 رنز پر مکمل ہوئی۔ انہوں نے کلارک کے بعد اسٹیون اسمتھ کے ساتھ 52 رنز کا اضافہ کیا، جبکہ وارنر کے بعد اسمتھ اور مچل مارش کے درمیان مزید 87 رنز بڑھے۔

اگر کلارک میچ میں مزید نہیں کھیل پائے اور آئندہ ایک دو ٹیسٹ مقابلوں میں بھی ان کی شمولیت نہ ہوسکی تو ان کے ٹیسٹ کیریئر کو خطرہ لاحق ہوجائے گا کیونکہ ویسے ہی مختلف حلقے ان سے مطالبہ کررہے تھے کہ وہ ٹیسٹ کو خیرباد کہہ دیں اور اب دہری انجری ان کو بھی مجبور کرسکتی ہے۔