سعید اجمل کی واپسی کے لیے حتمی تیاریاں شروع

1 1,017

اب جبکہ آئے روز غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے معطل کیے گئے گیندبازوں کی بحالی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں، پاکستان نے اپنے نمبر ایک باؤلر سعید اجمل کی واپسی کے لیے حتمی تیاریاں شروع کردی ہیں ۔ لیکن بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے روبرو درخواست کے بعد اور اب حتمی و فیصلہ کن جانچ سے قبل سعید کو میدان عمل میں آزمانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے، اور جس کے لیے کینیا اور پاکستان 'اے' کے مابین مقابلوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

حتمی جانچ کے لیے روانگی سے قبل سعید اجمل کو میدان میں آزمانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے (تصویر: AP)
حتمی جانچ کے لیے روانگی سے قبل سعید اجمل کو میدان میں آزمانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے (تصویر: AP)

مارچ 2009ء میں پاکستان میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد کینیا وطن عزیز کا دورہ کرنے والا پہلا ملک ہے البتہ اس کے تمام مقابلے پاکستان 'اے' کے خلاف ہیں یعنی کسی میچ کو بین الاقوامی مقابلے کا درجہ حاصل نہیں ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ ان میچز میں سعید اجمل کو کھلانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے، کیونکہ سعید کے بین الاقوامی مقابلے کھیلنے پر پابندی ہے جب تک کہ وہ اپنے باؤلنگ ایکشن کو شفاف نہیں قرار دلواتے۔

سعید اجمل پر اگست میں دورۂ سری لنکا میں شکوک کا اظہار کیا گیا تھا اور ان کے باؤلنگ ایکشن کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے آسٹریلیا کے شہر برسبین میں ان کی جانچ کی تھی۔ جس کے بعد پایا گیا تھا کہ "دوسرا" سمیت ان کی تمام گیندیں قانونی حدود سے تجاوز کرتی ہیں، جس پر انہیں فوری طور پر بین الاقوامی کرکٹ سے معطل کردیا گیا تھا۔ پاکستان کو عالمی کپ سے قبل دوسرا بڑا دھچکا ابھی گزشتہ ہفتے لگا ہے جب اس کے دوسرے اہم ترین اسپنر محمد حفیظ بھی مشکوک باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے معطل کردیے گئے۔

اب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ دونوں گیندبازوں کو بھارت کے شہر چنئی میں واقع بایومکینکس لیبارٹری بھیجے گا، جہاں ان کی باقاعدہ جانچ کی جائے گی۔ محمد حفیظ دبئی سے براہ راست بھارت جائیں گے جبکہ سعید اجمل ویزے کی وجہ سے 30 دسمبر تک چنئی روانہ ہوں گے۔ تب تک وہ کینیا کے خلاف دو مقابلوں میں پاکستان 'اے' کی نمائندگی کریں گے۔

کینیا اور پاکستان 'اے' کے مابین پہلا مقابلہ 13 دسمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔