سانحہ پشاور کے باوجود پاک-نیوزی لینڈ مقابلہ جاری

1 1,030

صرف چند روز قبل آسٹریلیا کے اوپنر فلپ ہیوز کی اندوہناک موت کی وجہ سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کا جاری ٹیسٹ ایک دن کے لیے موخر کردیا گیا تھا لیکن گزشتہ روز پاکستان کے شہر پشاور میں ہونے والے عظیم سانحے کے باوجود دونوں ٹیموں کا چوتھا ایک روزہ دستور کے مطابق جاری ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ شہید بچوں اور دیگر افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہے اور اس مقابلے سے ہونے والی تمام آمدنی ان خاندانوں کے لیے عطیات اور اسکول کی تعمیر نو میں خرچ کی جائے گی۔ البتہ کل لاہور میں طے شدہ پاک-کینیا ایک روزہ مقابلہ ایک روز کے لیے موخر کردیا گیا ہے۔

یونس خان نے مقابلے سے قبل ہی کہہ دیا تھا کہ اس ذہنی حالت میں میچ نہیں ہونا چاہیے لیکن بورڈ نے مقابلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا (تصویر: AFP)
یونس خان نے مقابلے سے قبل ہی کہہ دیا تھا کہ اس ذہنی حالت میں میچ نہیں ہونا چاہیے لیکن بورڈ نے مقابلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا (تصویر: AFP)

پی سی بی ترجمان نے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ پشاور کے آرمی اسکول پر دہشت گردوں کے حملےمیں ہونےوالی اموات پر بورڈ کو گہرا دکھ اور صدمہ ہے۔ ہم نے چوتھے ایک روزہ کو ملتوی کرانے کی پوری کوشش کی لیکن نشریات کار ادارے کے ساتھ کیے گئے عہد کو پورا کرنا اور نیوزی لینڈ کرکٹ انتظامیہ کے ساتھ معاملات کی وجہ سے ایسا نہ کرسکے۔

ترجمان نے کہا کہ وطن عزیز سے باہر کھیلنے کی وجہ ہی یہی ہے کہ ملک میں دہشت گردی کا خطرہ ہے اور اگر ہمارے بیرون ملک کھیلے گئے مقابلے بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں متاثر ہوجائیں تو یہ ہماری شکست ہوگی۔ اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم میچ کھیلیں گے، غم میں ہمارے کھلاڑی بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور دو منٹ کی خاموشی اختیار کریں گے جبکہ پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔

بعد ازاں مقابلے سے قبل پاکستان کے کھلاڑیوں نے شہداء کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی، جس کے دوران بہت جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے چند کھلاڑی روتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔