عالمی کپ 2019ء کا فائنل، لارڈز ایک مرتبہ پھر میزبانی کے لیے پیش

0 1,044

عالمی کپ 2019ء کے فائنل مقابلے کی میزبانی کے لیے انگلستان نے تاریخی میدان لارڈز کا نام تجویز کیا ہے اور اگر بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے منظوری دے دی تو لارڈز پانچویں بار عالمی کپ فائنل کی میزبانی کرے گا۔

لارڈز ابتدائی تین عالمی کپ مقابلوں کے علاوہ 1999ء میں بھی عالمی کپ فائنل کی میزبانی کر چکا ہے (تصویر: Getty Images)
لارڈز ابتدائی تین عالمی کپ مقابلوں کے علاوہ 1999ء میں بھی عالمی کپ فائنل کی میزبانی کر چکا ہے (تصویر: Getty Images)

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ "وہ 2019ء کے عالمی کپ کے سیمی فائنل مقابلے مانچسٹر کے میدان اولڈ ٹریفرڈ اور برمنگھم کے ایجبسٹن میں کھیلے جبکہ فائنل لارڈز میں منعقد کیا جائے۔" لارڈز ابتدائی تینوں عالمی کپ 1975ء، 1979ء اور 1983ء کے بعد 1999ء میں بھی فائنل کی میزبانی کر چکا ہے اور ایک تاریخی حیثیت کا حامل میدان ہے۔

علاوہ ازیں عالمی کپ 2019ء کے گروپ مقابلے چیسٹر-لی-اسٹریٹ، لیڈز، ٹرینٹ برج، کارڈف اور ساؤتھمپٹن میں کھیلنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ٹاؤنٹن بھی میزبان شہروں کی فہرست میں شامل ہے جو 1999ء کے بعد پہلی بار کسی ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی کرے گا۔ علاوہ ازیں 2017ء میں خواتین کے عالمی کپ کے فائنل کی میزبانی کے لیے بھی لارڈز کا نام پیش کیا گیا ہے۔

ای سی بی کے اعلامیہ میں آئندہ چند سالوں تک غیر ملکی ٹیموں کے دوروں کے میزبان شہروں کا اعلان بھی کیا گیا جس کے مطابق 2017ء میں ویسٹ انڈیز انگلستان کا دورہ کرے گا اور اسی سال چیمپئنز ٹرافی بھی کھیلی جائے گی جس کے مقابلے کارڈف، ایجبسٹن اور اوول میں ہوں گے، جو فائنل کا بھی میزبان ہوگا۔

2018ء میں پاکستان کے دورۂ انگلستان میں دو ٹیسٹ مقابلے ہیڈنگلے اور لارڈز میں کھیلے جائیں گے جبکہ اسی سال بھارت کے ساتھ پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز ایجبسٹن، لارڈز، اوول، روزباؤل اور ٹرینٹ برج میں ہوگی۔ ہیڈنگلے، اولڈ ٹریفرڈ، لارڈز، ایجبسٹن اور اوول 2019ء میں ایشیز سیریز کی میزبانی بھی کریں گے۔