[ریکارڈز] 99 پر رن آؤٹ

2 1,036

مارش خاندان کے سپوت شان مارش ستمبر 2011ء میں دورۂ سری لنکا میں اپنی دو غیر معمولی اننگز کے ذریعے ٹیسٹ اکھاڑے میں اترے، لیکن اس کے بعد دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں اپنا مقام مضبوط نہ کرسکے۔ 141 اور 81 رنز کی ان دونوں اننگز کے بعد بھارت کے گزشتہ دورۂ چھ اننگز میں تین صفر کے ساتھ صرف 17 رنز نے ان کے کیریئر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ رواں سال دورۂ جنوبی افریقہ پر کہیں جاکر ان کے بھاگ جاگے اور سنچورین میں 148 رنز کی کیریئر بہترین اننگز کھیل کر اپنی واپسی ثابت کی۔ اس کے باوجود انہیں "وقت کم اور مقابلہ سخت" کی صورتحال کا سامنا رہا اور بھارت کے خلاف جاری سیریز ان کے کیریئر کے لیے بہت اہم ثابت ہو رہی ہے۔ برسبین میں بلے کا جادو جگانے میں ناکامی کے بعد ملبورن میں جب وہ اپنی تیسری ٹیسٹ سنچری کے قریب پہنچے تو تاریخ کے بدقسمت ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوگئے۔

شان مارش آسٹریلیا کے تیسرے بلے باز ہیں جو 99 رنز پر رن آؤٹ ہوئے (تصویر: Getty Images)
شان مارش آسٹریلیا کے تیسرے بلے باز ہیں جو 99 رنز پر رن آؤٹ ہوئے (تصویر: Getty Images)

ملبورن ٹیسٹ کے پانچویں دن شان مارش کو یقین تھا کہ کھانے کے وقفے کے ساتھ ہی آسٹریلیا کی دوسری اننگز کے خاتمے کا اعلان ہوجائے گا، اس لیے انہیں جلد از جلد اپنی سنچری مکمل کرنا ہوگی۔ اس جلد بازی میں وہ 100 واں رن لینے کے لیے دوڑے لیکن بھرپور جست لگانے کے باوجود ویراٹ کوہلی کے براہ راست تھرو کو شکست نہ دے سکے۔ یوں ٹیسٹ کرکٹ تاریخ کے محض 16 ویں کھلاڑی بنے جو سنچری سے صرف ایک رن کے فاصلے پر رن آؤٹ ہوئے۔ مارش نے 215 گیندوں پر 11 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے یہ 99 رنز بنائے اور آسٹریلیا کی دوسری اننگز کی واحد سنچری کے قریب تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 99 رنز پر رن آؤٹ ہونے والے پہلے دونوں کھلاڑی بھی آسٹریلوی تھے اور وہ دونوں بھی ایم سی جی پر ہی کھیل رہے تھے۔ بل براؤن فروری 1948ء میں بھارت کے خلاف 215 گیندوں پر 99 رنز بنا چکے تھے کہ اپنا سوواں رن مکمل کرنے میں ناکام ہوئے جبکہ 1953ء میں آرتھر مورس جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں 99 پر رن آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی بنے۔

مارش سے قبل آخری بار 99 رنز پر رن آؤٹ ہونے والے بلے باز بھارت کے مہندر سنگھ دھونی تھے جو دسمبر 2012ء میں انگلستان کے خلاف ناگ پور ٹیسٹ میں رن آؤٹ ہوئے تھے اور بھارت کو اس سیریز میں مایوس کن شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ذیل میں 99 رنز پر رن آؤٹ ہونے والے تمام بلے بازوں کی فہرست ملاحظہ کیجیے:

بلے باز ملک رنز گیندیں بمقابلہ بتاریخ بمقام
بل براؤن  آسٹریلیا 99 216 بھارت فروری 1948ء ملبورن
آرتھر مورس آسٹریلیا 99 - جنوبی افریقہ فروری 1953ء ملبورن
جان بیک نیوزی لینڈ 99 - جنوبی افریقہ جنوری 1954ء کیپ ٹاؤن
روہن کنہائی ویسٹ انڈیز 99 - بھارت جنوری 1959ء چنئی
متگنالی جیسیما بھارت 99 - پاکستان دسمبر 1960ء کانپور
مائیک اسمتھ انگلستان 99 - پاکستان اکتوبر 1961ء لاہور
مشتاق محمد پاکستان 99 - انگلستان مارچ 1973ء کراچی
گراہم گوچ انگلستان 99 193 آسٹریلیا فروری 1980ء ملبورن
دیپک پٹیل نیوزی لینڈ 99 134 انگلستان جنوری 1992ء کرائسٹ چرچ
مائیک ایتھرٹن انگلستان 99 215 آسٹریلیا جون 1993ء لارڈز
مہیلا جے وردھنے سری لنکا 99 133 ویسٹ انڈیز نومبر 2001ء گال
ژاک کیلس جنوبی افریقہ 99 180 آسٹریلیا دسمبر 2001ء ملبورن
نیل میکنزی جنوبی افریقہ 99 227 آسٹریلیا مارچ 2002ء کیپ ٹاؤن
اینجلو میتھیوز سری لنکا 99 131 بھارت دسمبر 2009ء ممبئی
مہندر سنگھ دھونی بھارت 99 246 انگلستان دسمبر 2012ء ناگ پور
شان مارش آسٹریلیا 99 215 بھارت دسمبر 2014ء ملبورن