کمار سنگاکارا نے 12 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرلیا؛ سری لنکا کے پہلے، دنیا کے پانچویں بلے باز

سری لنکا کرکٹ ٹیم کے سب سے تجربہ کار بلے باز کمار سنگارا نے ٹیسٹ کرکٹ میں 12 ہزار رنز بنا کر قومی کرکٹ میں ایک نئی تاریخ رقم کردی۔ سنگاکارا یہ سنگ میل عبور کرنے والے سری لنکا کے پہلے کھلاڑی ہیں جبکہ عالمی سطح پر ان سے قبل صرف چار بلے باز ہی اس کارنامے کو انجام دے پائے ہیں۔

کمار سنگارا

کمار سنگاکارا کو 12 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی خراج تحسین پیش کر رہے ہیں (تصویر: Getty Images)

بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے سنگاکارا نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ کی ابتدائی اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی دو ٹیسٹ پر مشتمل سیریز سے قبل وہ 11,988 رنز بنا چکے تھے۔

سال 2000ء میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کمار سنگاکارا نے 138 ٹیسٹ میچز میں 58.00 کی اوسط سے یہ رنز بنائے ہیں جن میں 37 سنچریاں، 9 ڈبل سنچریاں اور 1 ٹرپل سنچری بھی شامل ہیں۔ سنگاکارا تین بار 190 سے زائد رنز بنانے کے باوجود ڈبل سنچری بنانے سے محروم بھی رہ چکے ہیں۔ سنگاکارا نے ٹیسٹ کیریئر کی طویل ترین اننگز بنگلہ دیش کے خلاف گزشتہ سال چٹاگانگ میں کھیلی جس میں انہوں نے 319 رنز بنائے تھے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں شامل دیگر بلے بازوں کے مقابلے میں 37 سالہ سنگاکارا نے سب سے تیز رفتاری سے یہ سنگ میل عبور کیا۔ اس فہرست میں سب سے پہلا نمبر عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کا ہے جنہوں نے 200 ٹیسٹ مقابلوں میں 53.78 کی اوسط سے 15,921 رنز بنائے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست

کھلاڑی ملک مقابلے اننگز رنز اوسط
سچن ٹنڈولکر بھارت 200 329 15921 53.78
رکی پونٹنگ آسٹریلیا 168 287 13378 51.85
ژاک کیلس جنوبی افریقہ 166 280 13289 55.37
راہول ڈریوڈ بھارت 164 286 13288 52.31
کمار سنگاکارا* سری لنکا 130 224 12028 58.38
برائن لارا ویسٹ انڈیز 131 232 11953 52.88
مہیلا جے وردھنے سری لنکا 149 252 11814 49.84
شیونارائن چندرپال* ویسٹ انڈیز 161 273 11725 52.34
ایلن بارڈر آسٹریلیا 156 265 11174 50.56
اسٹیو واہ آسٹریلیا 168 260 10927 51.06

* اب بھی ٹیسٹ مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

Facebook Comments