ٹیسٹ کرکٹ کا انوکھا واقعہ، ایک گیند پر سات رنز

2 1,061

کرکٹ میں ایک گیند پر زیادہ سے زیادہ کتنے رنز بن سکتے ہیں؟ کیا کہا؟ چھ رنز؟ ایک مرتبہ پھر سوچ لیں کیونکہ ویسٹ انڈیز کے نوجوان اوپنر کریگ بریتھویٹ نے جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ میں ایک گیند پر سات رنز بنائے ہیں۔

قانون کی تبدیلی کی وجہ سے پنالٹی کے پانچ رنز برائن لارا کے اسکور میں شمار نہ ہوئے اور پھر وہ 196 رنز پر آؤٹ ہوگئے (تصویر: Touchline)
قانون کی تبدیلی کی وجہ سے پنالٹی کے پانچ رنز برائن لارا کے اسکور میں شمار نہ ہوئے اور پھر وہ 196 رنز پر آؤٹ ہوگئے (تصویر: Touchline)

جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کیپ ٹاؤن میں جاری تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن یہ انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جب دوسری اننگز کا چوتھا اوور جاری تھا۔ ویرنن فلینڈر نے چوتھے اوور کی دوسری گیند پھینکی جسے بریتھویٹ نے پچھلے قدموں پر ڈرائیو کیا اور جب گیند واپس وکٹ کیپر تک پہنچی تو انہوں نے دوسرے اینڈ کی جانب پھینکا جہاں ڈیل اسٹین اسے نہ تھام سکے اور تھرو باؤنڈری لائن تک پہنچ گئی۔ یوں ایک ہی گیند پر بریتھویٹ 7 رنز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

اس تازہ واقعے کے تناظر میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا ایک دہائی پرانا واقعہ ذہن میں تازہ ہوگیا ہے۔ اپریل 2005ء میں دونوں ٹیمیں پورٹ آف اسپین میں مدمقابل تھیں جہاں برائن لارا نے جنوبی افریقہ کے اسپنر نکی بوئے کی گیند کو پیچھے کی جانب کھیلا۔ وکٹ کیپر مارک باؤچر گیند کے پیچھے دوڑے اور جس وقت بیٹسمین تین رنز بنا چکے تھے اس وقت ان کا پھینکا گیا تھرو اس ہیلمٹ پر جالگا جو فیلڈر وکٹ کیپر کے پیچھے رکھتے ہیں۔ اس طرح پنالٹی کے پانچ رنز بھی ویسٹ انڈیز کے مجموعے میں شامل ہوئے۔ پرانے قانون کے تحت پنالٹی کے رنز بھی بلے باز کو ملتے تھے لیکن قانون میں تبدیلی کی وجہ سے یہ فاضل رنز شمار ہوئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آخر میں لارا 196 رنز پر آؤٹ ہوئے، یعنی اگر قانون تبدیل نہ ہوتا تو ان کی ڈبل سنچریوں میں اضافہ ہوجاتا۔ مگر وائے ری قسمت!

بہرحال، اب یہی دونوں ٹیمیں یعنی جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز مقابل ہیں اور ویسٹ انڈیز کو سیریز بچانے کے لیے دوسری اننگز میں کچھ کر دکھانا ہے۔ پہلی اننگز میں 92 رنز سے خسارے میں جانے کے بعد ویسٹ انڈیز دو وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنا چکا ہے اور چوتھا دن بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ اگر ویسٹ انڈین بلے باز پہلی اننگز کی کارکردگی دہرانے میں کامیاب رہے تو وہ سیریز برابر بھی کرسکتے ہیں۔