عالمی کپ کے لیے بھارت کے 15 رکنی دستے کا اعلان

0 1,015

دفاعی چیمپئن بھارت نے عالمی کپ 2015ء کے لیے اپنے حتمی دستے کا اعلان کردیا ہے جس میں 2011ء کے فاتح دستے کے صرف چار کھلاڑی شامل ہیں۔

رویندر جدیجا زخمی ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز نہیں کھیل رہے لیکن عالمی کپ کے لیے انہیں حتمی دستے میں شامل کیا گیا ہے (تصویر: ICC)
رویندر جدیجا زخمی ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز نہیں کھیل رہے لیکن عالمی کپ کے لیے انہیں حتمی دستے میں شامل کیا گیا ہے (تصویر: ICC)

پانچ بلے بازوں، چار تیز گیندبازوں، ایک اسپنر، تین آل راؤنڈرز اور دو وکٹ کیپرز پر مشتمل اسکواڈ کی قیادت حال ہی میں ٹیسٹ کو خیرباد کہنے والے مہندر سنگھ دھونی کریں گے جبکہ ویراٹ کوہلی، روی چندر آشون اور سریش رینا ایک مرتبہ پھر عالمی کپ میں بھارت کی نمائندگی کریں گے۔

آسٹریلیا کے میدانوں میں جدوجہد کرتے بھارتی دستے کو 15 فروری کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف اپنا پہلا مقابلہ کھیلنا ہے جبکہ عالمی کپ سے پہلے ٹیم سہ فریقی سیریز بھی کھیلے گی جس میں میزبان آسٹریلیا کے علاوہ انگلستان بھی شامل ہوگا۔ اس سیریز کے لیے بھارت نے موہیت شرما اور دھاول کلکرنی کو بھی شامل کیا ہے۔

اگر عالمی کپ کے لیے اعلان کردہ کھلاڑیوں کی فہرست دیکھیں تو اس میں زخمی رویندر جدیجا اور ایشانت شرما بھی نظر آتے ہیں۔ جدیجا کندھے کی تکلیف کی وجہ سے موجودہ دورۂ آسٹریلیا سے باہر ہوگئے تھے اور ان کی عالمی کپ میں شمولیت کو بھی خطرہ لاحق تھا لیکن حتمی دستے میں ان کا نام ظاہر کرتا ہے کہ وہ صحت یابی کی جانب گامزن ہیں۔ ان کے علاوہ ایشانت شرما گھٹنے کے مسائل کی وجہ سے سڈنی میں جاری ٹیسٹ نہیں کھیل رہے لیکن بھارت کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ سہ فریقی سیریز سے ہی میدان عمل میں دکھائی دیں گے۔

بھارت کی بیٹنگ لائن روایتی طور پر بہت مضبوط دکھائی دیتی ہے۔ دنیا کے بہترین ایک روزہ بیٹسمینوں میں سے ایک ویراٹ کوہلی، دو مرتبہ ڈبل سنچریاں بنانے کا عالمی ریکارڈ رکھنے والے روہیت شرما، تجربہ کار سریش رینا اور آئی سی سی کے گزشتہ بڑے ٹورنامنٹ چیمپئنز ٹرافی میں سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے شیکھر دھاون کا ساتھ دینے کے لیے کپتان دھونی، اجنکیا راہانے، امباتی رایوڈو اور آل راؤنڈر رویندر جدیجا موجود ہوں گے۔

باؤلنگ میں بنیادی ذمہ داری ایشانت شرما، محمد شامی، بھوونیشور کمار اور امیش یادو کے پاس ہوگی جبکہ اسپن باؤلر کی حیثیت نے ان کا ساتھ آشون اور جدیجا دیں گے۔

آکشر پٹیل اور اسٹورٹ بنی کو بھی دستے میں شامل کیا ہے، جنہیں شاید ایک دو مقابلوں میں آزمایا جائے ورنہ میدان میں اترنے والا حتمی دستہ وہی ہوگا جو بھارت عام طور پر کھلاتا ہے۔

بھارت اعزاز کا دفاع باآسانی کرپائے گا یا نہیں، اس کا اندازہ 16 جنوری سے شروع ہونے والی سہ فریقی سیریز سے ہوجائے گا لیکن اعلان کردہ ٹیم اور حالیہ ایک روزہ کارکردگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت ورلڈ کپ جیتنے کے لیے مضبوط ترین ٹیموں میں سے ایک ہوگا۔

اعلان کردہ دستہ:

مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، شیکھر دھاون، روہیت شرما، ویراٹ کوہلی، اجنکیا راہانے، سریش رینا، امباتی رایوڈو، رویندر جدیجا، روی چندر آشون، آکشر پٹیل، ایشانت شرما، محمد شامی، امیش یادو، بھوونیشور کمار اور اسٹورٹ بنی۔