عالمی کپ: ویسٹ انڈیز کا دستہ، نرائن شامل، براوو اور پولارڈ باہر

0 1,044

عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کے جیتنے کے امکانات تو خاصے کم ہوسکتے ہیں لیکن اس نے جس ہوشیاری اور حاضر دماغی کے ساتھ سنیل نرائن کو استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، اس پر اسے خصوصی تمغہ ملنا چاہیے۔ عالمی کپ کے لیے اعلان کردہ حتمی 15 رکنی دستے میں دنیا کے بہترین آف اسپن گیندبازوں میں سے ایک نرائن کا نام بھی شامل ہے جبکہ دو بڑے نام، ڈیوین براوو اور کیرون پولارڈ، عالمی کپ نہیں کھیلیں گے۔

نرائن کا باؤلنگ ایکشن گزشتہ سال چیمپئنز لیگ میں رپورٹ ہوا تھا، ویسٹ انڈیز نے اس کے بعد سے اب تک انہیں کوئی مقابلہ نہیں کھلایا (تصویر: AFP)
نرائن کا باؤلنگ ایکشن گزشتہ سال چیمپئنز لیگ میں رپورٹ ہوا تھا، ویسٹ انڈیز نے اس کے بعد سے اب تک انہیں کوئی مقابلہ نہیں کھلایا (تصویر: AFP)

اس وقت ایک روزہ عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر موجود سنیل نرائن گزشتہ سال ستمبر میں چیمپئنز لیگ ٹی20 کے دوران اپنے باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے دو مرتبہ شک کی نگاہوں میں آئے تھے۔ ویسٹ انڈیز نے انہیں فوری طور پر وطن واپس بلایا اور اس کے بعد سے اب تک انہیں ایک مرتبہ بھی کسی بین الاقوامی مقابلے میں نہیں کھلایا۔ وجہ؟ کہ کہیں ان کا باؤلنگ ایکشن بین الاقوامی سطح پر رپورٹ نہ ہوجائے۔ یوں انہیں عالمی کپ جیسے اہم ٹورنامنٹ کے لیے بچایا گیا اور اب حتمی دستے میں ان کا شامل نام اس منصوبہ بندی کو ظاہر کررہا ہے۔

اگر 14 فروری سے 29 مارچ تک کھیلے جانے والے عالمی کپ کے دوران سنیل کے ایکشن پر اعتراض اٹھ بھی جائے تو ویسٹ انڈیز کے پاس صرف جانچ کرانے کے لیے 21 دن کا وقت ہوگا اور پھر نرائن کو اس وقت تک باؤلنگ کرنے کی اجازت بھی ہوگی جب تک کہ جانچ کے نتائج سامنے نہ آئیں۔ یوں کم از کم وہ عالمی کپ تو نکال ہی لیں گے۔ پھر سنیل نرائن نے پچھلے چار ماہ میں اپنے باؤلنگ ایکشن کو بہتر بنانے پر بھی خاصا کام کیا ہوگا، اور زیادہ موثر اور کارگر انداز میں عالمی کپ کھیلنے پہنچیں گے۔

بہرحال، اعلان کردہ دستے میں نرائن کی شمولیت کے بعد بڑی خبر ڈیوین براوو اور کیرون پولارڈ جیسے آل راؤنڈرز کا اخراج ہے۔ گزشتہ سال بھارت کے دورے میں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کی تنخواہوں کے معاملے پر بورڈ سے ان بن ہوگئی، اور وہ اس حد تک پہنچ گئے کہ دورہ ہی منسوخ کردیا۔ اس فیصلے نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی ساکھ کو زبردست نقصان پہنچایا اور اب اسی کا خمیازہ براوو اور پولارڈ بھگت رہے ہیں۔ ڈیوین براوو تو ایک روزہ ٹیم کے کپتان بھی تھے، لیکن اب ان کی جگہ نوجوان جیسن ہولڈر کو قیادت سونپی گئی ہے جو دورۂ جنوبی افریقہ میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کررہے ہیں اور آگے عالمی کپ میں بھی یہ بھاری ذمہ داری اٹھائیں گے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق سلیکٹرز کے سربراہ کلائیو لائیڈ نے کہا کہ "میں سمجھتا ہوں کہ ہم نے بہت اچھی ٹیم کا انتخاب کیا ہے جو عالمی کپ میں ویسٹ انڈیز کا سر فخر سے بلند کرے گی۔ یہ اچھے تجربہ کار کھلاڑیوں اور نوجوانوں کا بہترین امتزاج ہے۔ اگر یہ کھلاڑی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلے تو مجھے یقین ہے کہ بہت اچھی کارکردگی دکھائیں گے بلکہ عالمی کپ کی ٹرافی بھی اٹھا سکتے ہیں۔ مجھے اس ٹیم سے بہت امیدیں ہیں کہ یہ کچھ خاص کر دکھائے گی۔"

جیسن ہولڈر کے نائب کی ذمہ داریاں مارلون سیموئلز نبھائیں گے جبکہ ٹیسٹ کپتان دنیش رامدین اور ٹی ٹوئنٹی کپتان ڈیرن سیمی بھی دستے میں شامل ہیں۔

اعلان کردہ ٹیم: جیسن ہولڈر (کپتان)، آندرے رسل، جیروم ٹیلر، دنیش رامدین (وکٹ کیپر)، ڈیرن سیمی، ڈیوین اسمتھ، سلیمان بین، سنیل نرائن، شیلڈن کوٹریل، کرس گیل، کیمار روچ، لینڈل سیمنز اور مارلون سیموئلز۔