ہاشم آملہ، تیز ترین 5 ہزار رنز بنانے والے بلے باز

0 1,108

کنگزمیڈ، ڈربن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ایک روزہ مقابلے میں جب جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ نے نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد ڈیرن سیمی کو چوکا رسید کیا تو وہ 5 ہزار ایک روزہ رنز تک سب سے تیزی سے پہنچنے والے بلے باز بن گئے۔ ہاشم آملہ نے صرف 101 اننگز میں 5 ہزار رنز مکمل کرکے ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز سر ویوین رچرڈز کا 28 سال پرانا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

ہاشم آملہ نے ویوین رچرڈز کو تیز ترین 3 ہزار اور 4 ہزار رنز کے بعد 5 ہزار رنز کے ریکارڈ سے بھی محروم کردیا (تصویر: Getty Images)
ہاشم آملہ نے ویوین رچرڈز کو تیز ترین 3 ہزار اور 4 ہزار رنز کے بعد 5 ہزار رنز کے ریکارڈ سے بھی محروم کردیا (تصویر: Getty Images)

ویوین رچرڈز نے جنوری 1987ء میں اپنی 114 ویں اننگز کے دوران 5 ہزار رنز مکمل کرکے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا جو نومبر 2013ء میں بھارت کے ویراٹ کوہلی نے برابر کیا تاہم ہاشم محمد آملہ نے بہت بڑے فرق سے یہ ریکارڈ توڑا ہے۔ مارچ 2008ء میں اپنے ایک روزہ کیریئر کا آغاز کرنے والے ہاشم آملہ بہت تیزی سے سنگ ہائے میل عبور کرتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے محض اپنی 40 ویں اننگز میں 2 ہزار ون ڈے رنز مکمل کرکے ظہیر عباس کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا اور اس کے بعد کم ترین اننگز میں 3 ہزار اور 4 ہزار رنز بنانے کے ویوین رچرڈز کے ریکارڈ توڑنے کے بعد اب "ویو" کو ایک اور ریکارڈ سے محروم کردیا ہے۔

کل 104مقابلوں کی 101 اننگز میں ہاشم آملہ نے 53.31 کے بہتر سے بہترین اوسط کے ساتھ 5012 رنز بنائے ہیں۔ اس میں 17 سنچریاں اور 26 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز بلے بازوں کے مقابلے میں ہاشم آملہ کی کارکردگی فاتحانہ ہوتی ہے اور ان کی 17 میں سے 15 سنچریاں ایسی ہیں جن میں جنوبی افریقہ نے جیت کو گلے لگایا ہے اور صرف دو بار ایسا ہوا ہے کہ ان کی سنچری کارکردگی بھی جنوبی افریقہ کو نہیں جتوا سکی۔

عالمی کپ سے چند ہفتے قبل ہاشم بہترین بیٹنگ فارم میں ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 208 اور 63 رنز کی دو شاندار اننگز جوڑنے کے بعد وہ ایک روزہ سیریز کا آغاز بھی 66 رنز کی مضبوط اننگز کے ساتھ کر چکے ہیں اور آئندہ مقابلے ان کو مزید مستحکم کریں گے۔

سب سے کم اننگز میں 5 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے بلے باز

بلے باز ملک مقابلے اننگز
ہاشم آملہ  جنوبی افریقہ 104 101
ویوین رچرڈز ویسٹ انڈیز 126 114
ویراٹ کوہلی بھارت 120 114
برائن لارا ویسٹ انڈیز 120 118
گورڈن گرینج ویسٹ انڈیز 122 121
ابراہم ڈی ولیئرز جنوبی افریقہ 129 124
سارو گانگلی بھارت 131 126