روہیت سے الجھنا وارنر کو مہنگا پڑ گیا

1 1,046

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے خاتمے سے کھلاڑیوں کے باہم الجھنے کا سلسلہ جہاں سے ٹوٹا تھا، سہ فریقی سیریز کے پہلے ہی مقابلے میں وہیں سے جڑ گیا۔ ملبورن میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور بھارت کے روہیت شرما کے درمیان ہونے والی 'تو تو، میں میں' اپنے منطقی انجام کو پہنچی۔ ڈیوڈ وارنر پر 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

وارنر گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں بھی بھارت کے کھلاڑیوں سے بارہا الجھے تھے (تصویر: Getty Images)
وارنر گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں بھی بھارت کے کھلاڑیوں سے بارہا الجھے تھے (تصویر: Getty Images)

بھارت کی اننگز کے 23 ویں اوور کے اختتام پر بھارتی بلے باز اوور تھرو کا ایک رن دوڑ رہے تھے جس پر آسٹریلیا کے فیلڈرز نے اپنی ناخوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گیند روہیت شرما کی ٹانگوں کو چھوتی ہوئی گئی ہے۔ اس معاملے پر وارنر اور روہیت کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور امپائر کو درمیان میں آ کر دونوں کو الگ کرنا پڑا۔

گو کہ وارنر نے "جرم کی صحت" تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ جب روہیت کے قریب پہنچے تھے تو وہ اپنی زبان میں کچھ کہہ رہے تھے، "میں نے کہا کہ انگریزی بولو، مجھے ہندی نہیں آتی۔" لیکن وارنر کے رویے کی بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے دوران بھارت کے کھلاڑیوں سے الجھنے کے متعدد واقعات کے بعد اب یہ تازہ اتفاق ظاہر کرتا ہے کہ وارنر کو اپنے رویے میں بہتری لانا ہوگی، بصورت دیگر وہ اپنے ساتھ آسٹریلیا کے لیے بھی سنگین مسائل کھڑے کریں گے۔

آسٹریلیا کے کھلاڑیوں نے روایتی حریف انگلستان کے خلاف گزشتہ ایشیز سیریز میں بھی "زبان" کا خوب استعمال کیا تھا، پھر بھارت کو اپنی زبان درازی سے زیر کیا۔ اب مختلف حلقے مطالبہ کررہے ہیں کہ معمولی جرمانوں سے یہ چیز نہیں رکے گی۔ اگر کرکٹ کے "شرفاء کے کھیل" ہونے کا تاثر برقرار رکھنا ہے تو بین الاقوامی کرکٹ کونسل کو سخت اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان مارٹن کرو کہتے ہیں کہ فٹ بال کی طرز پر پیلے اور لال رنگ کے کارڈز کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل اس طرح کی تجاویز پر عمل کرتا ہے یا نہیں لیکن گزشتہ چند سال صاف ظاہر کرتے ہیں کہ کرکٹ کے "تینوں بڑے" بدتمیزی و زبان درازی میں بھی سب سے آگے ہیں۔