باضابطہ جانچ مکمل، سعید اجمل پرامید

2 1,034

پاکستان کے نمبر ایک گیندباز سعید اجمل پرامید ہیں کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے باؤلنگ ایکشن کی باضابطہ جانچ کے مرحلے سے نکل آئیں گے اور ایک مرتبہ پھر "دوسرا" سمیت تمام گیندوں کے ساتھ پاکستان کی جانب سے کھیلتے نظر آئیں گے۔

سعید اجمل نے کل 30 گیندیں پھینکی، یعنی ہر گیند کی پانچ، پانچ بار جانچ کی گئی (تصویر: AFP)
سعید اجمل نے کل 30 گیندیں پھینکی، یعنی ہر گیند کی پانچ، پانچ بار جانچ کی گئی (تصویر: AFP)

ستمبر میں ناقص باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے معطل کیے گئے سعید اجمل کئی مہینے سخت محنت کے بعد اس مرحلے تک پہنچے کہ اپنے نئے باؤلنگ ایکشن پر مکمل اعتماد کیا اور باضابطہ طور پر اس کی جانچ کروانے کا اہم ترین مرحلہ عبور کرنے کی ٹھانی۔ بھارت کے شہر چنئی میں واقع آئی سی سی کی منظور شدہ تنصیب میں ہونے والی جانچ کے بعد سعید اجمل کہتے ہیں کہ ان کا ہدف "دوسرا" سمیت تمام گیندوں کو قانونی دائرے میں لانا تھا، اور اگر صرف آف اسپن گیند کا معاملہ ہوتا تو وہ دو ہفتوں میں ہی اپنا باؤلنگ ایکشن کلیئر کروا لیتا لیکن اتنے طویل مراحل عبور ہی اس لیے کیے ہیں تاکہ پوری ورائٹی کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آؤں۔

بھارت کے معروف روزنامے "دی ہندو" سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ "میں نے محسوس کیا کہ جانچ کے دوران تمام افراد میرے ایکشن سے کافی مطمئن اور خوش نظر آ رہے تھے، اس لیے مجھے بھی امید ہے لیکن پھر بھی حتمی فیصلہ آنا ابھی باقی ہے۔"

سعید اجمل نے کہا کہ "میں پاکستان کا اہم ترین گیندباز برقرار رہنا چاہتا ہوں، محض خانہ پری کے لیے نہیں کھیلنا چاہتا، اس کے بجائے ریٹائر ہوجانا پسند کروں گا۔

446 بین الاقوامی وکٹیں حاصل کرنے والے سعید سمجھتے ہیں کہ ان کا اہم ترین گیند "دوسرا" اب قانونی دائرے کے اندر ہے، لیکن اگر جانچ "دوسرا" سے مطمئن نہیں بھی ہوتی تو وہ آف اسپن اور دیگر گیندیں تو پھینک ہی سکتے ہیں۔ اجمل نے بتایا کہ "چنئی میں باضابطہ جانچ کے دوران کل 30 گیندیں پھینکیں "میں نے پانچ مختلف گیندیں چھ، چھ مرتبہ پھینکیں، یعنی دوسرا، کیرم بال، آف اسپن، سیم-اپ اور تیز گیند۔"

باضابطہ جانچ کا فیصلہ آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے اور گو کہ سعید اجمل اس کے بعد عالمی کپ کے لیے پاکستانی دستے کا حصہ بن سکتے ہیں لیکن وہ پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ وہ عالمی کپ نہیں کھیلیں گے لیکن صورتحال اسی وقت واضح ہوگی جب جانچ کے نتائج سعید اجمل کے حق میں آئیں گے۔ آپ بھی دیکھیں، ہم بھی نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔