انوکھا واقعہ: وڈیو دستیاب نہیں، اس لیے ناٹ آؤٹ!

2 1,019

نیوزی لینڈ اور سری لنکا کا چھٹا ایک روزہ میزبان 'بلیک کیپس' کی ایک اور شاندار جیت، اور سیریز فتح، پر منتج ہوا لیکن مقابلے کے ابتدائی لمحات میں ایک دلچسپ واقعے نے شائقین کو حیران، سری لنکا کے کھلاڑیوں کو پریشان اور منتظمین کو پشیمان کردیا۔

ڈنیڈن کے یونیورسٹی اوول میں ہونے والے مقابلے کا آغاز اس طرح ہوا کہ نیوزی لینڈ صفر پر ہی اپنے کپتان برینڈن میک کولم سے محروم ہوگیا اور جب چوتھے اوور میں دھمیکا پرساد نے مارٹن گپٹل کے خلاف ایک زوردار اپیل بلند کی تو صاف محسوس ہوتا تھا کہ میزبان کی دوسری وکٹ بھی گئی۔ دھمیکا کی لینتھ-بال گپٹل کے گھٹنے سے نیچے مڈل اور آف –اسٹمپ کے بالکل سامنے لگی تھی۔ جب سب کی نظریں امپائر ڈیرک واکر کی انگلی اٹھنے کی منتظر تھیں، تو انہوں نے کوئی حرکت نہیں کی۔ حیرانگی کے عالم میں دھمیکا پرساد نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی جانب نگاہیں دوڑائیں لیکن امپائر کے فیصلے کے خلاف 'ریویو' لینے پر انہیں ایک حیران کن اطلاع دی گئی۔ امپائر کا کہنا تھا کہ ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے وہ 'ریویو' نہیں لے سکتے۔

دراصل جس اینڈ سے دھمیکا پرساد گیند کررہے تھے، اس اینڈ پر ڈی آر ایس آلات میں کوئی فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی اور جس کی وجہ سے اس گیند کے لیے سری لنکا 'ریویو' لے ہی نہیں سکتا تھا۔

یہ بات سری لنکا کے کھلاڑیوں کو غصہ دلانے والی تو تھی ہی، اور ایسے موقع پر سب سے آگے رہتے ہیں مہیلا جے وردھنے جو ایک بار پھر وہ کچھ کہتے سنائی دیے۔

مارٹن گپٹل کو جس طرح زندگی ملی، اس طرح بہت کم ہی ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود وہ طویل اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

مزید دلچسپ بات یہ کہ جب 14 ویں اوور میں تھیسارا پیریرا نے وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کیا، تب بھی امپائر ڈیرک واکر نے انگلی اٹھانے سے انکار کردیا۔ سری لنکا نے اس بار "ریویو" لیا اور فیصلہ اپنے حق میں کرا لیا۔

59 رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ کرنے کے باوجود سری لنکا فائدہ نہ اٹھا سکا اور اگلے ہی اوور میں تلکارتنے دلشان نے اہم بلے باز کین ولیم سن کا آسان کیچ چھوڑ دیا اور یہیں سے مقابلہ سری لنکا کی گرفت سے نکل گیا۔ نیوزی لینڈ نے ولیم سن کے 97، روس ٹیلر کے 96 اور کوری اینڈرسن اور گرانٹ ایلیٹ کی تیز رفتار بیٹنگ کی بدولت 315 رنز کا مجموعہ اکٹھا کر ڈالا اور سری لنکا کو صرف 195 رنز پر آل آؤٹ کردیا اور سیریز چار-ایک سے جیت لی۔

سیریز کا ساتواں و آخری ایک روزہ 29 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا، جہاں سری لنکا کی کوشش ہوگی کہ کم از کم یہاں تو جیت حاصل کرکے عالمی کپ سے پہلے اپنے حوصلے بحال کرے۔