شکست کے ساتھ بھوت بھی پاکستان کے پیچھے

0 1,038

نیوزی لینڈ کے دورے پر پہنچتے ہی ابتدائی دو مقابلوں میں شکست کے ساتھ بھوت بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے پیچھے پڑ گئے ہیں اور پاکستان کے نوجوان مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ کے ہوٹل میں قیام کے دوران ایک رات انہیں مافوق الفطرت واقعے کا سامنا کرنا پڑا۔

حارث سہیل بھوتوں کے ہاتھوں "کلین بولڈ" ہونے کے بعد بخار کی وجہ سے پہلا ٹور میچ نہیں کھیل پائے تھے (تصویر: AFP)
حارث سہیل بھوتوں کے ہاتھوں "کلین بولڈ" ہونے کے بعد بخار کی وجہ سے پہلا ٹور میچ نہیں کھیل پائے تھے (تصویر: AFP)

نیوزی لینڈ بورڈ پریزیڈنٹس الیون کے خلاف پہلے ٹور میچ سے پہلے رات کو حارث سہیل اس وقت ڈر گئے جب نصف شب کو ان کی آنکھ کھلی تو بستر ہل رہا تھا۔ انہوں نے ٹیم انتظامیہ سے رابطہ کیا اور جب کوچنگ عملے کے رکن اور چند دیگر عہدیداران ان کے کمرے میں پہنچے تو انہیں سخت گھبرایا ہوا اور بخار میں مبتلا پایا۔ حارث سہیل پہلے مقابلے میں اسی واقعے اور بخار کی وجہ سے شرکت نہیں کر پائے تھے۔

حارث سہیل کرکٹ کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی نہیں ہے، جنہیں بھوتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایک سال پہلے انگلستان کے اسٹورٹ براڈ اور دیگر کھلاڑی بھی لندن کے ایک پانچ ستارہ ہوٹل میں ڈر گئے تھے جبکہ 2005ء میں آسٹریلیا کے شین واٹسن کو بھی عجیب و غریب واقعے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ویسے حقیقت میں جو بھی ہوا ہو، بس ہماری دعا ہے کہ اس سے حارث سہیل کی موجودہ فارم متاثر نہ ہوئی ہو۔9ایک روزہ مقابلوں میں 40کے اوسط کے ساتھ رنز بنانے والے حارث اگر اس واقعے کے بعد اپنی فارم بھول گئے تو پاکستان کو مڈل آرڈر میں سخت مشکلات کا سامنا ہوسکتاہے۔