’سر منڈاتے ہی اولے پڑے‘، محمد عامر کے خلاف درخواست دائر

3 1,033

خدا خدا کرکے پابندی کے 5 سال مکمل ہونے لگے اور بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے بھی محمد عامر پر عائد پابندی میں کچھ نرمی کی،لیکن اب جیسے ہی معاملات درست ہوتے دکھائی دینے لگے، سندھ کی عدالت عالیہ میں محمد عامر کے خلاف ایک تحریری درخواست دائر کردی گئی ہے۔

آئی سی سی نے چند روز پہلے ہی محمد عامر پر عائد پابندی میں نرمی کی ہے (تصویر: AFP)
آئی سی سی نے چند روز پہلے ہی محمد عامر پر عائد پابندی میں نرمی کی ہے (تصویر: AFP)

سماجی کارکن رانا فیض الحسن کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں حکومت پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ محمد عامر ایک سزا یافتہ مجرم ہیں اور ملک کی جانب سے کھیلنا قومی ذمہ داری ہے جس کے لیے عامروہ موزوں فرد نہیں ہیں۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ محمد عامر کی حرکت ملک کی بدنامی اور جگ ہنسائی کا باعث بنی ہے اور ایسے کھلاڑی کو دوبارہ موقع دینا بدعنوانی کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف محمد عامر بلکہ 2010ء کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث باقی دونوں کھلاڑیوں محمد آصف اور سلمان بٹ کو بھی کھیلنے سے روکا جائے۔

عدالت نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 16 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔