عالمی کپ 2015ء: بلاول بھٹی باہر، راحت علی طلب

7 1,026

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ بلاول بھٹی کو عالمی کپ میں ممکنہ نشست سے محروم کرگیا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے عالمی کپ 2015ء کے لیے متبادل کے طور پر راحت علی کو طلب کرلیا ہے۔

راحت علی نے 11 ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے لیکن آج تک صرف ایک ون ڈے کھیلا ہے (تصویر: Getty Images)
راحت علی نے 11 ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے لیکن آج تک صرف ایک ون ڈے کھیلا ہے (تصویر: Getty Images)

پاکستان کے اہم تیز باؤلر جنید خان چند روز پہلے عالمی کپ کے لیے فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہوئے تھے اور اس کے ساتھ ہی اہم ٹورنامنٹ میں ان کی شمولیت کے امکانات ختم ہوگئے۔ وہ پہلے ہی دورۂ نیوزی لینڈ سے باہر ہو چکے تھے جہاں ان کی جگہ بلاول بھٹی نے پاکستان کی نمائندگی کی لیکن نیپئر میں ہونے والے دوسرے ایک روزہ میں 10 اوورز میں 93 رنز دینے کی بدترین کارکردگی بلاول کی عالمی کپ میں شرکت پر کاری ضرب لگائی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ چیئرمین شہریار خان نے چیف سلیکٹر معین خان کی تجویز پر عالمی کپ کے لیے جنید خان کے متبادل کے طور پر راحت علی کے نام کی منظوری دی ہے۔ پی سی بی نے آئی سی سی کی تکنیکی کمیٹی کو بھی درخواست دی ہے کہ وہ اس کی منظوری دی۔

راحت علی پاکستان کے دوسرے کھلاڑی ہیں جو عالمی کپ کے لیے 30 رکنی ابتدائی دستے میں شامل نہ ہونے کے باوجود آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں اہم ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔ ان سے قبل پاکستان نے ڈومیسٹک کارکردگی کی بنیاد پر سہیل خان کا انتخاب کیا تھا جو اس وقت نیوزی لینڈ میں ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔

پاکستان کی طرف سے 11 ٹیسٹ کھیلنے والے راحت ایک روزہ دستے کا کبھی مستقل حصہ نہیں رہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا واحد ایک روزہ مقابلہ جون 2012ء میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔ اس کے بعد پاکستان نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں انہیں کبھی مختصر طرز کی کرکٹ میں نہیں آزمایا۔ اب عالمی کپ جیسے سخت معرکے میں راحت علی پر بھاری ذمہ داری ہوگی کہ وہ اپنے انتخاب کو درست ثابت کر دکھائیں۔