مائیکل ہسی عالمی کپ جیتنے میں جنوبی افریقہ کی مدد کے لیے تیار

2 1,066

1996ء سے لے کر 2011ء تک ہر عالمی کپ ٹورنامنٹ مضبوط امیدوار کی حیثیت سے کھیلنے والا، لیکن اہم مقابلے میں آکر ہمت ہار دینے والا، جنوبی افریقہ اس بار تاریخ کا دھارا پلٹنا چاہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتا ہے۔ اس لیے ایک نہیں، دو نہیں، تین نہیں بلکہ پورا 14 رکنی عملہ ٹیم کے ساتھ ہے جس میں تازہ اضافہ آسٹریلیا کے مایہ ناز بلے باز مائیکل ہسی کی صورت میں ہوا ہے۔

مائیکل ہسی نے 185 ایک روزہ مقابلوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی  (تصویر: Getty Images)
مائیکل ہسی نے 185 ایک روزہ مقابلوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی (تصویر: Getty Images)

"مسٹر کرکٹ" کے طور پر معروف 39 سالہ مائیکل ہسی عالمی کپ 2015ء کے دوران جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے لیے مشیر کی خدمات انجام دیں گے۔ ان کا کردار آسٹریلیا کی کنڈیشنز سے آگاہی فراہم کرنا ہوگا، جو کوچ رسل ڈومنگو کے خیال میں جنوبی افریقہ کے لیے ایک چھوٹا سا کردار ہوگا۔ ان کا کہناہے کہ "ہسی وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور آسٹریلیاکی کنڈیشنز کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ "

آسٹریلیاکی ایک روزہ تاریخ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک مائیکل ہسی نے کل 185 مقابلوں میں شرکت کی اور 2007ء کا عالمی کپ جیتنے والے آسٹریلیا کے دستے کا بھی حصہ تھے۔

جنوبی افریقہ عالمی کپ کے گروپ 'بی' میں پاکستان، بھارت اور ویسٹ انڈیز جیسے مضبوط حریفوں کے مقابل ہوگا جبکہ اس کا پہلا مقابلہ 15 فروری کو زمبابوے سے ہوگا۔

مائیکل ہسی کی آمد سے عالمی کپ کے لیے جنوبی افریقہ کے عملے کی تعداد بڑھ کر 14 ہوچکی ہے۔ ان کی آمد سے پہلے ہی ٹیم کو ہیڈ کوچ، اسسٹنٹ کوچ اور ایک سابق کوچ کے علاوہ تین مختلف باؤلنگ کوچز، ایک فٹنس کوچ، فزیوتھراپسٹ، لاجسٹکس مینیجر، ٹیم مینیجر، میڈیا مینیجر، سیکورٹی مینیجر اور وڈیو اینالسٹ کی خدمات حاصل ہیں۔