پاکستان بھارت کے لیے خطرہ ثابت نہیں ہوگا: اظہر الدین

0 1,010

1992ء میں پاکستان اور بھارت پہلی بار عالمی کپ میں مدمقابل آئے۔ سڈنی میں ہونے والے اس مقابلے میں اظہر الدین کی زیر قیادت بھارت نے پاکستان کے خلاف باآسانی 43 رنز سے کامیابی حاصل کی اور اس کے بعد سے لے کر آج تک جب بھی دونوں ممالک عالمی کپ میں آمنے سامنے آئے، جیت ہمیشہ بھارت کو ملی ہے اور بھارت کے پہلے فاتح قائد اظہر الدین سمجھتے ہیں کہ 15 فروری 2015ء کو بھی پاکستان بھارت کے لیے خطرہ ثابت نہیں ہوگا۔

بھارت نے عالمی کپ میں ہمیشہ پاکستان کو شکست دی ہے، یہ تمام کھلاڑیوں کے ذہنوں میں ہوگی (تصویر: Getty Images)
بھارت نے عالمی کپ میں ہمیشہ پاکستان کو شکست دی ہے، یہ تمام کھلاڑیوں کے ذہنوں میں ہوگی (تصویر: Getty Images)

ایڈیلیڈ کے مقام پر طے شدہ پاک-بھارت مقابلے کے بارے میں سمجھا جا رہا ہے کہ وہ تاریخ میں سب سے زیادہ دیکھنے والا میچ ہوگا جس کے بارے میں اظہر الدین نے کہا کہ "پاک بھارت مقابلہ ہمیشہ بڑا ہوتا ہے اور ہم عالمی کپ میں کبھی پاکستان سے نہیں ہارے اور جب 15 فروری کو میدان میں اتریں گے تو یہ بات ہر کسی کے ذہن میں ہوگی۔ بھارت کی موجودہ ٹیم بھی اچھی ہے اور اگر وہ اچھا کھیلی تو مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان بڑا خطرہ ثابت ہوگا۔"

لیکن سابق کپتان سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف مقابلے کے بعد آگے کی راہ آسان نہیں ہوگی "آسٹریلیا میں اب تک بھارت اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا ہے ، اس لیے عالمی اعزاز کے دفاع کے لیے ٹیم کو سخت محنت کرنا ہوگی۔

اظہر الدین کہتے ہیں کہ بھارت کو سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنے کھیل میں مسلسل بہتری لانا ہوگی اور زیادہ میچز جیتنے سے ہی ان کی خوداعتمادی کی سطح بلند رہے گی۔ اگر انہوں نے ہارنا شروع کردیا تو مقابلے کی دوڑ میں واپس آنا بہت مشکل ہوجائے گا۔

2011ء میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر عالمی کپ جیتنے والے بھارت کی بیرون ملک کارکردگی حوصلہ افزاء نہیں رہی اس لیے اظہر الدین کہتے ہیں کہ باصلاحیت ہونے کے باوجود ایک روزہ مقابلوں میں اہمیت اس بات کی ہے کہ ٹیم مختلف حالات کے مطابق خود کو کیسے ڈھالتی ہے۔"