ملر اور دومنی نے زمبابوے کے بڑھتے حوصلے توڑ دیے

0 1,022

وارم-اپس میں شاندار کارکردگی کے بعد بلند حوصلہ زمبابوے نے عالمی کپ میں اپنے پہلے مقابلے میں دَم تو بہت لڑایا لیکن جنوبی افریقہ کے تجربے کے سامنے شکست کھا گیا۔ جس نے ڈیوڈ ملر اور ژاں-پال دومنی کی ریکارڈ شراکت داری کی بدولت 62 رنز سے مقابلہ جیت لیا۔ کہنے کو تو 62 رنز کی جیت کاغذ پر بہت بھاری نظر آتی ہے لیکن درحقیقت ہملٹن میں مقابلہ بہت شاندار کھیلا گیا۔ کم از کم پاک-بھارت "اعصاب شکن مقابلے"سے تو اچھا ہی تھا۔

ڈیوڈ ملر نے ایک اوور میں 30 رنز لوٹے اور جنوبی افریقہ کو ایسے مقام پر پہنچایا جہاں سے زمبابوے کا مقابلے میں واپس آنا ناممکن تھا (تصویر: Getty Images)
ڈیوڈ ملر نے ایک اوور میں 30 رنز لوٹے اور جنوبی افریقہ کو ایسے مقام پر پہنچایا جہاں سے زمبابوے کا مقابلے میں واپس آنا ناممکن تھا (تصویر: Getty Images)

زمبابوے نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو کھیلنے کی دعوت دی، اسی طرح جیسے گزشتہ روز سری لنکا اور انگلستان نے کیا تھا لیکن زمبابوے کا آغاز ان دونوں ٹیموں سے زیادہ اچھا تھا۔ اس نے جنوبی افریقہ جیسے سخت حریف کو ابتدائی 20 اوورز تک تگنی کا ناچ نچایا اور صرف 83 رنز پر اس کی 4 وکٹیں گرا دیں۔ ابراہم ڈی ولیئرز کے بہت ہی شاندار کیچ کے ساتھ جب جنوبی افریقہ کی چوتھی وکٹ گری تو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ وہ اب عالمی کپ کے آغاز پر ہی "چوک" جائے گا لیکن ڈیوڈ ملر اور ژاں-پال دومنی کی شاندار بلے بازی نے ثابت کیا کہ پروٹیز میں دباؤ جھیلنے کی صلاحیت موجود ہے۔

دونوں نے پانچویں وکٹ پر صرف 178 گیندیں استعمال کرتے ہوئے 256 رنز کی ریکارڈ رفاقت قائم کی اور یوں جنوبی افریقہ کو 339 رنز کے ایسے مجموعے تک پہنچا دیا جو ابتدائی 20 اوورز میں ممکن نہیں دکھائی دیتا تھا۔ ڈیوڈ ملر نے صرف 92 گیندوں پر 138 رنز بنائے جبکہ دومنی نے 100 گیندوں پر 115 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ ملر کی اننگز میں 9 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے جبکہ دومنی نے 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے اپنی چوتھی سنچری مکمل کی۔

جنوبی افریقہ کے لیے سب سے خاص لمحہ وہ اننگز کے آخری چھ اوورز تھے۔ 44 اوورز کے اختتام پر مجموعہ صرف 228 رنز تھا لیکن ا س کے بعد دومنی اور ملر کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا۔ خاص طور پر اننگز کے 48 ویں اوور میں ملر نے سولومن میرے کو جس بے رحمی سے مارا، اس کی مثال بہت کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے اوور میں تین چوکے اور تین چوکے لگاکر 30 رنز حاصل کیے۔ پھر آخری اوور میں 19 رنز لوٹ کر پانچ اوورز میں جنوبی افریقہ نے 111 رنز بنائے اور یوں مجموعے کو 339 رنز تک پہنچا دیا۔

کہنے کو تو 340 رنز کا ہدف زمبابوے کی توقعات سے زیادہ تھا لیکن انہوں نے پاکستان کی طرح ہمت نہیں ہاری۔ چامو چی بھابھا اور ہملٹن ماساکازا کی دوسری وکٹ پر 105 رنز کی شراکت نے اچھا خاصا ماحول بنا دیا تھا۔ زمبابوے کو آخری 18 اوورز میں 149 رنز کی ضرورت تھی اور اس کی 8 وکٹیں باقی تھیں جب اس کا دماغ ویسے ہی بند ہوگیا، جیسے باؤلنگ میں ہوا تھا۔ ہملٹن ماساکازا آؤٹ ہوئے اور وکٹوں کی جھڑی لگ گئی۔ ماساکازا نے 74 گیندوں پر 80 رنز کی بہت عمدہ اننگز کھیلی لیکن ان کی روانگی کےبعد کوئی ایسی مزاحمت نہ ہوسکی جو جنوبی افریقہ کے لیے کسی خطرے کاباعث بنتی۔ ماساکازا کی اننگز دو چھکوں اور 8 چوکوں پر مشتمل تھی جبکہ ان کے علاوہ چھیبھابھا64 اور برینڈن ٹیلر 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔زمبابوے کی اننگز 49 ویں اوور میں 277 رنز پر تمام ہوئی۔

ڈیوڈ ملر کو میچ کی سب سے شاندار اننگز کھیلنے پر بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔

اب جنوبی افریقہ کو اپنے گروپ کا سب سے اہم مقابلہ کھیلنا ہے جو 22 فروری کو ملبورن میں بھارت کے خلاف ہوگا جبکہ زمبابوے اپنی حالیہ شاندار کارکردگی کے بعد اب 19 فروری کو متحدہ عرب امارات سے مقابلہ کرے گا۔

جنوبی افریقہ بمقابلہ زمبابوے

عالمی کپ 2015ء - تیسرا مقابلہ

15 فروری 2015ء

بمقام: سیڈن پارک، ہملٹن

نتیجہ: جنوبی افریقہ 62 رنز سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: ڈیوڈ ملر

جنوبی افریقہ رنز گیندیں چوکے چھکے
کوئنٹن ڈی کوک ک اروائن ب چتارا 7 16 1 0
ہاشم آملہ ب پنیانگرا 11 26 1 0
فف دو پلیسی ک ٹیلر ب چگمبورا 24 32 0 1
ابراہم ڈی ولیئرز ک اروائن ب کمونگوزی 25 36 1 1
ڈیوڈ ملر ناٹ آؤٹ 138 92 7 9
ژاں-پال دومنی ناٹ آؤٹ 115 100 9 3
فاضل رنز ل ب 1، و 16، ن ب 2 19
مجموعہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 339

 

زمبابوے (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
تناشی پنیانگرا 10 2 73 1
ٹینڈائی چتارا 10 1 71 1
سولومن میرے 6 0 61 0
ایلٹن چگمبورا 4 0 30 1
شاں ولیمز 8 0 44 0
تفازوا کامونگوزی 8 0 34 1
سکندر رضا 3 0 19 0
ہملٹن ماساکازا 1 0 6 0

 

سری لنکاہدف: 340 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
چامو چی بھابھا ک دومنی ب عمران 64 82 10 0
سکندر رضا ب فلینڈر 5 13 1 0
ہملٹن ماساکازا ک آملہ ب عمران 80 74 8 2
برینڈن ٹیلر ک فلینڈر ب مورکل 40 40 4 1
شاں ولیمز ک ڈی کوک ب دومنی 8 13 1 0
کریگ اروائن ک ڈی ولیئرز ب اسٹین 13 21 0 1
ایلٹن چگمبورا رن آؤٹ 8 7 0 1
سولومن میرے ک ڈی ولیئرز ب فلینڈر 27 25 2 2
تناشی پنیانگرا ک ڈی ولیئرز ب عمران 4 4 1 0
ٹینڈائی چتارا ک و ب مورکل 6 11 1 0
تفازوا کامونگوزی ناٹ آؤٹ 0 0 0 0
فاضل رنز ل ب 13، و 9 22
مجموعہ 48.2 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 277

 

جنوبی افریقہ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
ویرنن فلینڈر 8 0 30 2
مورنے مورکل 8.2 1 49 2
ڈیل اسٹین 9 0 64 1
فرحان بہاردین 5 0 40 0
ژاں-پال دومنی 8 0 45 1
عمران طاہر 10 0 36 3