آئرلینڈ کی اپ سیٹ کی روایت برقرار، نیا شکار ویسٹ انڈیز

0 1,038

آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مقابلے کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ یہاں ایک 'اپ سیٹ' ہوسکتا ہے کیونکہ ویسٹ انڈیز اس وقت خود بہت 'اپ سیٹ' ہے لیکن کیا واقعی آئرلینڈ کی شاندار جیت کو اپ سیٹ سمجھنا چاہیے؟ جی ہاں! کم از کم 305 رنز کے ہدف کا تعاقب کامیابی سے کرنے کے بعد تو واقعی یہ غیر معمولی جیت ہے۔ گروپ 'بی' کے مقابلے میں آئرلینڈ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

آئرلینڈ نے 305 رنز کا ہدف محض 46 ویں اوور میں حاصل کرکے گروپ کی دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کا اعلان کردیا ہے (تصویر: Getty Images)
آئرلینڈ نے 305 رنز کا ہدف محض 46 ویں اوور میں حاصل کرکے گروپ کی دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کا اعلان کردیا ہے (تصویر: Getty Images)

305 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کا پیچھا کرنے والے آئرلینڈ نے یہ ہدف 46 ویں اوور میں ہی پورا کرلیا، اور اس مقام تک پہنچنے میں اہم کردار پال اسٹرلنگ، ایڈ جوائس اور نیال اوبرائن کی اننگز کا تھا کہ جنہوں نے عالمی کپ میں بڑی ٹیموں کو ہرانے کا سلسلہ برقرار رکھا۔ 2007ء میں پاکستان، 2011ء میں انگلستان اور اب 2015ء میں ویسٹ انڈیز۔

نیلسن میں کھیلے گئے مقابلے میں آئرلینڈ نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا اور آٹھویں اوور میں ویسٹ انڈیز کو پہلا جھٹکا لگایا جب اوپنر ڈیوین اسمتھ 18 رنز پر کیچ تھما بیٹھے۔ اسی اوور کی آخری گیند پر ڈیرن براوو بھی رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ آئرلینڈ کی نپی تلی گیندبازی کے آگے ویسٹ انڈیز کا ٹاپ آرڈر بالکل نہیں ٹک پایا اور کرس گیل اور مارلون سیموئلز کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز 87 رنز پر 5 وکٹوں سے محروم ہوچکا تھا۔ جارج ڈوکریل کی باؤلنگ نے آئرلینڈ کو بالادست مقام تک پہنچا دیا جب ویسٹ انڈیز کی امیدیں دم توڑ رہی تھیں تو لینڈل سیمنز اور ڈیرن سیمی کی شاندار بیٹنگ نے اننگز کو سنبھالا دیا۔ سیمنز نے اپنی دوسرے ون ڈے سنچری بنائی اے آخری اوور میں جاکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی 102 رنز کی اننگز میں 5 چھکے او ر9 چوکے شامل تھے۔ دوسرے کنارے سے ڈیرن سیمی نے دھواں دار اننگز کھیلی اور 67 گیندوں پر 87 رنز بنائے۔

305 رنز کا تعاقب آئرلینڈ کے لیے بظاہر تو مشکل لگتا تھا لیکن آئرلینڈ عالمی کپ میں 300 سے زیادہ رنز کا ہدف حاصل کرنے کی طویل تاریخ رکھتا ہے۔ 2011ء میں انگلستان اور نیدرلینڈز کے خلاف فتوحات میں اس نے 300 سے زیادہ کا ہدف ہی کامیابی سے حاصل کیا تھا اور پہلی وکٹ پر ولیم پورٹرفیلڈ اور پال اسٹرلنگ کی 71 رنز کی شراکت داری نے بہترین بنیاد فراہم کی۔ دوسری وکٹ پر اسٹرلنگ اور ایڈ جوائس کے درمیان 92 رنز کی شراکت داری نے ویسٹ انڈیز کو خطرے سے دوچار کردیا اور کاری ضرب جوائس اور نیال اوبرائن کی تیسری وکٹ پر 96 رنز کی پارٹنرشپ نے لگائی۔ 40 ویں اوور ہی میں آئرلینڈ محض 2 وکٹوں پر 273 رنز تک پہنچ چکا تھا۔

جیروم ٹیلر نے تین وکٹیں حاصل کرکے شکست کے مارجن کو کم کیا لیکن ویسٹ انڈیز کے لیے آئرلینڈ کو روکنا ناممکن تھا، جس نے 46 ویں اوور میں ہدف کو جا لیا۔

آئرش اننگز میں پال اسٹرلنگ 84 گیندوں پر 92 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ 84 رنز ایڈجوائس نے بنائے۔ نیال اوبرائن نے 60 گیندوں پر 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز کے بہترین گیندبازوں کو آئرلینڈ نے بدترین بنا دیا۔ جیروم ٹیلر نے تین وکٹیں ضرور لیں لیکن ان کے 8.5 اوورز میں 71 رنز بنے۔ کیمار روچ کو 6 اوورز میں 52 رنز کی مار پڑی۔ ویسٹ انڈیز 8 باؤلرز آزمانے کے باوجود آئرلینڈ کو نہ روک پایا۔

آئرلینڈ ایک روزہ درجہ بندی میں سب سے نچلے نمبر پر ہے لیکن اس کی پہچان اپ سیٹ کرنے والی ٹیم کے طور پر مضبوط ہو رہی ہے۔ مسلسل تین ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں اس نے تین بڑی ٹیموں کو ہرایا ہے اور اب آئندہ مقابلوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

ویسٹ انڈیز بمقابلہ آئرلینڈ

عالمی کپ 2015ء - پانچواں مقابلہ

16 فروری 2015ءء

بمقام: سیکسٹن اوول، نیلسن، نیوزی لینڈ

نتیجہ: آئرلینڈ 4 وکٹوں سے جیت گیا

میچ کے بہترین کھلاڑی: پال اسٹرلنگ

ویسٹ انڈیز رنز گیندیں چوکے چھکے
ڈیوین اسمتھ ک مونی ب کیون اوبرائن 18 24 3 0
کرس گیل ک کیون اوبرائن ب ڈوکریل 36 65 3 1
ڈیرن براوو رن آؤٹ 0 0 0 0
مارلون سیموئلز ایل بی ڈبلیو ب ڈوکریل 21 41 1 1
دنیش رامدین ایل بی ڈبلیو ب ڈوکریل 1 6 0 0
لینڈل سیمنز ک ڈوکریل ب سورنسن 102 84 9 5
ڈیرن سیمی ک ڈوکریل ب مونی 89 67 9 4
آندرے رسل ناٹ آؤٹ 27 13 3 1
جیسن ہولڈر ناٹ آؤٹ 0 0 0 0
فاضل رنز ل ب 1، و 9 10
مجموعہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 304

 

آئرلینڈ (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
جان مونی 7 1 59 1
میکس سورنسن 8 0 64 1
اینڈی میک برائن 10 1 26 0
کیون اوبرائن 9 0 71 1
جارج ڈوکریل 10 0 50 3
پال اسٹرلنگ 6 0 33 0

 

ویسٹ انڈیزہدف: 305 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
ولیم پورٹرفیلڈ ک رامدین ب گیل 23 43 1 1
پال اسٹرلنگ ک رامدین ب سیموئلز 92 84 9 3
ایڈ جوائس ک براوو ب ٹیلر 84 67 10 2
نیال اوبرائن ناٹ آؤٹ 79 60 11 0
اینڈی بالبرنی ک براوو ب ٹیلر 9 9 2 0
گیری ولسن ک گیل ب ٹیلر 1 6 0 0
کیون اوبرائن رن آؤٹ 0 1 0 0
جان مونی ناٹ آؤٹ 6 5 1 0
فاضل رنز ب 4، و 9 6
مجموعہ 45.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 307

 

ویسٹ انڈیز (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
جیسن ہولڈر 9 1 0 0
کیمار روچ 6 0 0 0
جیروم ٹیلر 8.5 0 3 3
آندرے رسل 6 0 0 0
کرس گیل 8 0 1 1
ڈیرن سیمی 3 0 25 0
مارلون سیموئلز 4 0 25 1
لینڈل سیمنز 1 0 12 0