اگلے مقابلوں میں واپس آئیں گے: وقار یونس پرعزم

1 1,015

سری لنکا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف پے در پے شکستوں کے بعد اگر کوئی چیز عالمی کپ کے آغاز میں ہی پاکستان کے حوصلے بڑھا سکتی تھی تو وہ بھارت کے خلاف اپنے پہلے مقابلے میں جیت تھی۔ لیکن پاکستان اس میں بری طرح ناکام ہوا۔ عالمی کپ کی تاریخ میں بھارت کے خلاف شکست کا سلسلہ جاری رہا اور ابتداء ہی میں پاکستانی شائقین کے حوصلے ٹوٹ گئے۔ لیکن کوچ وقار یونس کہتے ہیں کہ ابتدائی مقابلے میں شکست کے باوجود ٹیم میدان میں واپسی کرے گی۔

ابھی ورلڈ کپ ختم نہیں ہوا، خاصے مقابلے باقی ہیں، واپسی کا امکان موجود ہے: ہیڈ کوچ (تصویر: PCB)
ابھی ورلڈ کپ ختم نہیں ہوا، خاصے مقابلے باقی ہیں، واپسی کا امکان موجود ہے: ہیڈ کوچ (تصویر: PCB)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ پاکستان بھارت کے خلاف بڑے میچ کا دباؤ نہیں جھیل پایا، جس کی وجہ سے شکست مقدر بنی، "سب کو اندازہ ہےکہ ہم سے غلطی کہاں ہوئی۔ ہم نے اچھا نہیں کھیلا اور بھارت نے بہتر کھیل پیش کیا۔ ہم نے زیادہ دباؤ لے لیا، جس کا نقصان ہمیں برداشت کرنا پڑا۔"

وقار یونس نے کہا کہ "یہ صرف آغاز ہے اور ابھی ہمیں کافی مقابلے کھیلنے ہیں، جن کے ذریعے ہم واپسی کریں گے۔"

بحیثیت اوپنر یونس خان کو آزمانے کے حوالے سے وقار یونس نے تسلیم کیا کہ یہ تجربہ کامیاب نہیں رہا اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ سینئر بلے باز کو دستے سے باہر کرنا دشوار نہیں ہے۔

پاکستان اپنا دوسرا مقابلہ 21 فروری بروز ہفتہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا، جو پہلے ہی آئرلینڈ سے شکست کھانے کے بعد زخمی ہے۔

وقار نے بھارت کے ہاتھوں شکست پر بلے بازی کو قصور ٹھیرایا اور کہا کہ "ہمارے بلے باز اچھا کھیل پیش نہیں کرسکے، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 300 رنز کا ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے لیکن ہمیں آنے والے مقابلوں میں ایسا کرنا ہوگا۔"