بنگلہ دیش نے ایشیا کپ کا بدلہ عالمی کپ میں لے لیا

0 1,166

بنگلہ دیش نے گزشتہ سال ایشیا کپ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کا بدلہ عالمی کپ جیسے بڑے مقام پر لے لیا ہے، جہاں ٹورنامنٹ کی تاریخ میں افغانستان کے اولین مقابلے کو اس کے لیے بھیانک خواب بنا دیا اور 105 رنز کے بھاری فرق سے جیت لیا۔ آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں کھیلے گئے اس مقابلے میں بنگلہ دیش آغاز ہی سے حاوی تھا۔ گو کہ تمیم اقبال اور انعام الحق کا آغاز سست تھا لیکن ان 47 رنز کی شراکت داری نے بنگلہ دیشی اننگز کو استحکام بخشا جس پر تجربہ کار شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے اپنی دلکش باریوں کا اضافہ کیا اور یوں ایک ایسا مجموعہ اکٹھا کیا جو افغانستان کے بس کی بات نہیں دکھائی دیتا تھا۔

افغانستان نے عالمی کپ میں اتنے بھیانک آغاز کا تصور نہیں کیا ہوگا (تصویر: Getty Images)
افغانستان نے عالمی کپ میں اتنے بھیانک آغاز کا تصور نہیں کیا ہوگا (تصویر: Getty Images)

منوکا اوول میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی سنبھالی اور تمیم اور انعام کی 47 رنز کی شراکت داری کے بعد آہستہ آہستہ اننگز کو آگے بڑھایا۔ لیکن بدقسمتی سے وکٹیں بچانے کے لیے سست روی سے کھیلنے کا بھی بنگلہ دیش کو فائدہ نہ پہنچا اور 29 اوورز میں صرف 119 رنز بنانے کے باوجود اس کی 4 وکٹیں گرچکی تھیں۔ اس مرحلے پر شکیب اور مشفق نے بہت قیمتی اننگز کھیلیں، اس دہری ذمہ داری کے ساتھ کہ اننگز کی رفتار بھی بڑھانی تھی اور وکٹ بھی بچانی تھی۔ دونوں نے پانچویں وکٹ پر 114 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ شکیب کی اننگز 51 گیندوں پر 63 رنز بنانے کے بعد مکمل ہوئي جس میں چھ چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا جبکہ مشفق 56 گیندوں پر 71 رنز کی عمدہ باری کھیلنے کے بعد میدان سے واپس آئے، ان کے چھکوں اور چوکوں کی تعداد بھی اتنی ہی تھی۔ بنگلہ دیش کی اننگز آخری اوور کی آخری گیند پر تسکین احمد کے آؤٹ ہونے کے ساتھ 267 رنز پر مکمل ہوئی۔

افغانستان کی جانب سے شاہپور زدران سب سے نمایاں گیندباز رہے جنہوں نے 7 اوورز میں صرف 20 رنز دیے اور دو وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ مسلسل دو اوورز میں دو وکٹیں لینے والے میرواعظ اشرف، آفتاب عالم اور حمید حسن نے بھی دو، دو شکار حاصل کیے۔

افغانستان کے بلے بازوں سے 268 رنز کا ہدف حاصل کرنے کی توقعات کم ہی تھیں، یہی وجہ ہے کہ جس بدترین آغاز کا تصور کیا جا سکتا تھا، افغانستان نے وہ حاصل کیا۔ پہلے اوور میں جاوید احمدی وکٹ گنوا گئے، دوسرے اوور میں وکٹ کیپر افسر زازئی کی باری آئی اور تیسرے میں اصغر ستانکزئی کی قیمتی وکٹ بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ کے ہاتھ لگی۔ صرف تین رنز پر تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد صرف یہ دیکھنا باقی رہ گیا تھا کہ افغانستان کتنے رنز سے شکست کھاتا ہے۔ نوروز منگل اور سمیع اللہ شنواری نے اس مارجن کو کم کرنے کے لیے واحد بڑی کوشش کی اور چوتھی وکٹ پر 62 رنز کا اضافہ کیا لیکن ان کے جانے کے بعد صرف کپتان محمد نبی ہی 44 رنز کے ساتھ واحد قابل ذکر مزاحمت کر سکے۔ نوروز نے 27 اور سمیع اللہ نے 42 رنز بنائے۔ افغانستان کی اننگز کا خاتمہ 43 ویں اوور میں صرف 162 رنز پر ہوا۔ مشرفی مرتضیٰ نے صرف 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا البتہ میچ کا بہترین کھلاڑی مشفق الرحیم کو قرار دیا گیا۔

عالمی کپ میں اپنی تاریخ کے پہلے ہی مقابلے میں اس بدترین شکست نے لاکھوں افغان کرکٹ شائقین کے ارمانوں پر پانی ڈال دیا اور اب اس کے جیتنے کا واحد امکان اسکاٹ لینڈ کے خلاف مقابلے میں ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش نے اس جیت کا جشن اس طرح منایا کہ گویا وہ عالمی کپ جیت چکا ہے۔ ٹیم نے منوکا اوول کا فاتحانہ چکر لگایا اور کثیر تعداد میں آنے والے بنگلہ دیشی شائقین کی داد وصول کی۔

لیکن بنگلہ دیش کا اگلا مقابلہ مشکل ترین حریف آسٹریلیا کے ساتھ ہے جو 21 فروری کو برسبین میں کھیلا جائے گا جبکہ افغانستان اگلے ہی دن ڈنیڈن میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔

افغانستان بمقابلہ بنگلہ دیش

عالمی کپ 2015ء - ساتواں مقابلہ

18 فروری 2015ء

بمقام: منوکا اوول، کینبرا، آسٹریلیا

نتیجہ: بنگلہ دیش 105 رنز سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: مشفق الرحیم

بنگلہ دیش رنز گیندیں چوکے چھکے
انعام الحق ایل بی ڈبلیو ب میرواعظ اشرف 29 55 4 0
تمیم اقبال ک افسر زازئی ب میرواعظ اشرف 19 42 2 0
سومیا سرکار ایل بی ڈبلیو ب شاپور زدران 28 25 3 1
محمود اللہ ک افسر زازئی ب شاپور زدران 23 46 0 0
شکیب الحسن ب حمید حسن 63 51 6 1
مشفق الرحیم ک سمیع اللہ ب محمد نبی 71 56 6 1
شبیر رحمن ب حمید حسن 3 8 0 0
مشرفی مرتضی ب آفتاب عالم 14 9 3 0
مومن الحق رن آؤٹ 3 3 0 0
روبیل حسین ناٹ آؤٹ 0 2 0 0
تسکین احمد ب آفتاب عالم 1 3 0 0
فاضل رنز ب 3، ل ب 4، و 6 13
مجموعہ 50 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 267

 

افغانستان (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
حمید حسن 10 0 61 2
شاپور زدران 7 1 20 2
آفتاب عالم 9 0 55 2
میرواعظ اشرف 9 3 32 2
محمد نبی 9 0 58 1
جاوید احمد 4.5 0 32 0
سمیع اللہ شنواری 1.1 0 2 0

 

سری لنکاہدف: 268 رنز رنز گیندیں چوکے چھکے
جاوید احمدی ک و ب مشرفی مرتضی 1 2 0 0
افسر زازئی ب روبیل حسین 1 5 0 0
نوروز منگل ک روبیل ب محمود اللہ 27 57 1 0
اشرف ستانکزئی ک محمود اللہ ب مشرفی مرتضی 1 7 0 0
سمیع اللہ شنواری رن آؤٹ 42 75 2 0
محمد نبی ک سومیا سرکار ب مشرفی مرتضی 44 43 5 0
نجیب اللہ زدران ایل بی ڈبلیو ب شکیب الحسن 17 34 1 0
میرواعظ اشرف ک شبیر رحمن ب شکیب الحسن 10 15 0 1
آفتاب عالم رن آؤٹ 14 12 2 0
حمید حسن ک انعام الحق ب تسکین احمد 0 5 0 0
شاپور زدران ناٹ آؤٹ 2 2 0
فاضل رنز ل ب 1، و 2 3
مجموعہ 42.5 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 162

 

بنگلہ دیش (گیند بازی) اوورز میڈن رنز وکٹیں
مشرفی مرتضی 9 2 20 3
روبیل حسین 6 0 27 1
تسکین احمد 7 0 23 1
شکیب الحسن 8.5 0 43 2
محمود اللہ 8 1 31 1
سومیا سرکار 3 0 13 0
شبیر رحمن 1 0 4 0