بنگلہ دیش آسٹریلیا کے خلاف تاریخ دہرانے کے لیے پرعزم

0 1,076

عالمی کپ میں کامیاب آغاز کے بعد بنگلہ دیش کے اسٹار بلے باز مشفق الرحیم نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آسٹریلیا کو ہرا سکتے ہیں۔ افغانستان کے خلاف 105 رنز کی شاندار جیت کے بعد بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے اور وہ ہفتے کو برسبین میں آسٹریلیا کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

بنگلہ دیش 2005ء میں آسٹریلیا کے خلاف یادگار فتح کو دہرانا چاہے گا (تصویر: Getty Images)
بنگلہ دیش 2005ء میں آسٹریلیا کے خلاف یادگار فتح کو دہرانا چاہے گا (تصویر: Getty Images)

افغانستان کے خلاف 71 رنز کی میچ بچاؤ اننگز کھیلنے والے مشفق نے کہا کہ آسٹریلیا ایک روزہ میں نمبر ایک ہے، اور اس وقت وہ بہترین انداز میں کھیل بھی رہے ہیں اس لیے ہمارے لیے مقابلہ آسان نہیں ہوگا مگر ایک روزہ مقابلوں میں کوئی بھی ٹیم جیت سکتی ہے اور آئرلینڈ کی ویسٹ انڈیز کے خلاف جیت کے بعد تو یہی کہا جا سکتا ہے کہ ون ڈے میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

مشفق نے کہا کہ عام طور پر یہ سمجھا جا رہا ہے کہ آسٹریلیا باآسانی بنگلہ دیش کو ہرا دے گا مگر ہمارے سبھی کھلاڑی اس میچ کے لیے بہت سنجیدہ اور پوری طرح تیار ہیں۔ ہم قابلیت رکھتے ہیں کہ بڑی ٹیموں کے خلاف اچھا کھیل پیش کرسکیں۔

آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کل 19 ایک روزہ مقابلوں میں آمنے سامنے آ چکے ہیں، جن میں 18 نے آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی جبکہ بنگلہ دیش کو صرف ایک فتح نصیب ہوئی ہے۔

بنگلہ دیش نے جون 2005ء میں کارڈف میں ہونے والے ایک مقابلے میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی اور برسبین میں اسی کارکردگی کو دہرانا چاہے گا۔