عالمی کپ 2019ء: سچن تنڈولکر چھوٹے ممالک کی شرکت کے حق میں

0 1,032

بین الاقوامی کرکٹ کونسل بھلے اگلے عالمی کپ میں ایسوسی ایٹ ٹیموں کو خارج کرکے ٹورنامنٹ کو 10 ٹیموں تک محدود کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے لیکن سچن تنڈولکر کا ماننا ہے کہ آئی سی سی کو ان کرکٹ ٹیموں کو بہتر بنانے کےلیے سوچنا چاہیے۔

کرکٹ کو عالمی کھیل بنانا ہے تو اس میں زیادہ سے زیادہ ممالک کو کھلانا ہوگا (تصویر: Patrick Eagar)
کرکٹ کو عالمی کھیل بنانا ہے تو اس میں زیادہ سے زیادہ ممالک کو کھلانا ہوگا (تصویر: Patrick Eagar)

آئی سی سی کے پہلے 'گوگل ہینگ آؤٹ' میں تاریخ کے عظیم ترین بلے بازوں میں شمار ہونے والے بھارتی بلے باز نے کہا کہ جب آپ کھیل کو دنیا بھر میں پھیلانا چاہتے ہیں تو اس میں زیادہ سے زیادہ ٹیموں کی شرکت کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ یقیناً اس کا مطلب کھیل کی سطح کو گرانا نہیں ہے بلکہ ہمیں یہ دیکھنا ہو گا کہ ان ٹیموں کی سطح کیسے بہتر بنائی جائے؟ اور بڑی ٹیموں کے خلاف کھیل کر ہی ان کے کھیل کا معیار بلند ہوگا۔

سب سے زیادہ ٹیسٹ اور سب سے زیادہ ایک روزہ رنز بنانے والے سچن کہتے ہیں کہ میرا ماننا ہے کہ اگر بڑی ٹیمیں اِن ممالک کا دورہ کریں تو ان کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ مثلاً بھارت کی 'اے' ٹیم زمبابوے، بنگلہ دیش، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کا دورہ کر سکتی ہے۔ ایسوسی ایٹ ممالک کو ایسے مواقع ملیں گے، تبھی وہ بڑے ٹورنامنٹس کی اچھی طرح تیاری کرسکیں گے۔ اس وقت تو صورتحال یہ ہے کہ یہ ممالک صرف عالمی کپ ہی میں بڑے ملکوں سے کھیل پاتے ہیں اور وہاں بھی اپ سیٹ کرنے کی تاریخ رکھتے ہیں۔ ابھی اسی عالمی کپ میں آئرلینڈ ویسٹ انڈیز کو ہرا چکا ہے تو ان ٹیموں میں قابلیت ہے اور ان کی موجودگی سے ٹورنامنٹ دلچسپ بنے گا۔

ہاد رہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے عالمی کپ 2019ء میں صرف 10 ٹیمیں کھلانے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں عالمی درجہ بندی میں سرفہرست آٹھ ٹیمیں تو براہ راست کھیلیں گی جبکہ باقی دو ٹیموں کا انتخاب ایک کوالیفائنگ راؤنڈ سے ہوگا جو درجہ بندی کی آخری دو ٹیموں اور چند ایسوسی ایٹ ممالک کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یوں کافی حد تک امکان یہی ہے کہ کوئی بھی ایسوسی ایٹ ٹیم اگلے عالمی کپ میں نظر نہیں آئے گی۔ عالمی کپ میں اب تک کا واحد اپ سیٹ کرنے والی ٹیم آئرلینڈ نے اس فیصلے پر کڑی تنقید کی تھی۔