ڈی ولیئرز پر معطلی کی تلوار بھی لٹکنے لگی

0 1,009

جنوبی افریقہ کو بھارت کے خلاف مقابلے میں بدترین شکست سے دوچار ہونا پڑا ہی، ساتھ ہی اب کپتان ابراہم ڈی ولیئرز پر معطلی کی تلوار بھی لٹکنے لگی ہے۔

ڈی ولیئرز کے گیندباز بھارت کے خلاف مقابلے میں نہ صرف حریف بلے بازوں کو روکنے میں ناکام دکھائی دیے بلکہ مقررہ وقت میں اپنے اوورز بھی مکمل نہیں کرسکے۔ یوں اوورز پھینکنے کی سست شرح نے اب کپتان کو مصیبت میں ڈال دیا ہے۔ میچ ریفری جیف کرو کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ نے ایک اوور تاخیر سے پھینکا جس کی وجہ سے ٹیم کے تمام اراکین پر 10، 10 فیصد جبکہ کپتان ڈی ولیئرز پر 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اب اگر عالمی کپ فائنل سے قبل کسی بھی مقابلے میں جنوبی افریقہ کے اوورز پھینکنے کی رفتار سست رہی تو اس کی سزا ڈی ولیئرز کو ایک مقابلے کی پابندی کی صورت میں ملے گی۔

ڈی ولیئرز ایک لحاظ سے خوش قسمت ہیں کہ ان کے سر پر آئی سی سی کے اس قانون کی ایک خلاف ورزی پہلے ہی موجود تھی لیکن عالمی کپ کے آغاز سے قبل بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے پچھلے "جرم" کو معاف کرکے نئے سرے سے کپتانوں کو مواقع دیے۔ اگر یہ موقع نہ دیا جاتا تو ڈی ولیئرز جنوبی افریقہ کا اگلا مقابلہ ہی نہ کھیل پاتے۔

بہرحال، بھارت کے ہاتھوں نے شکست نے جنوبی افریقہ کو اعتماد کو زبردست ٹھیس پہنچائی ہے بلکہ کپتان کے اپنے الفاظ میں کہ اس شکست کے زخم بھرنے میں کچھ وقت لگے گا۔

بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ابراہم ڈی ولیئرز کا کہنا تھا کہ 130 رنز کی ہار ہمارے لیے بڑا دھچکا ہے، اور یہ پوری ٹیم کے لیے ایک شرمناک بات ہے اور ہمیں اتنے بڑے فرق سے نہیں ہارنا چاہیے تھا۔

حال ہی میں ایک روزہ کرکٹ تاریخ کی تیز ترین سنچری بنانے والے بلے باز نے کہا کہ معاملہ صرف کوارٹر فائنل تک رسائی کا نہیں بلکہ بھارت کے خلاف کارکردگی سے ہماری خوداعتمادی پر بھی ضرب لگی ہے لیکن وہ اس کارکردگی کو ٹیم پر حاوی نہیں ہونے دیں گے۔

جنوبی افریقہ کو عالمی کپ میں اگلا مقابلہ جمعے کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سڈنی میں کھیلنا ہے اور اسےاعتماد کی بحالی کے لیے یہاں لازمی کامیابی درکار ہے۔