ویسٹ انڈیز کرکٹ میں نیا تنازع

2 1,011

تنازعات، ہنگاموں، اہم کھلاڑیوں کے اخراج اور عالمی کپ کے پہلے مقابلے میں آئرلینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستان کے خلاف جیت کی بدولت جیسے ہی ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ایک مرتبہ پھر پرانی ڈگر پر واپس آنے لگی، ایک اور تنازع نے جنم لے لیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے صدر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ایسی ٹویٹ کو آگے بڑھا دیا ہے جس میں کرس گیل پر سخت تنقید کی گئی تھی۔

اس وقت بدترین فارم سے دوچار کرس گیل پاکستان کے خلاف مقابلے میں صرف چار رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تھے جس پر ان کے ایک پرستار نے ٹوئٹر پر لکھا کہ "گیل گیا ۔۔۔ ایک رن نہیں لے سکتا۔ اسے ریٹائرمنٹ پیکیج تھماؤ بھئی!"۔ اس ٹویٹ کو ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے صدر ڈیو کیمرون نے ری ٹویٹ کیا اور کچھ دیر بعد جب انہیں غلطی کا اندازہ تواسے ہٹانے کے بعد معذرت پر مشتمل ایک پیغام دیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ میرا مقصد کسی کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا اور میں تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔

لیکن اس سرگرمی نے ظاہر کردیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے کئی کھلاڑیوں اور بورڈ کے مابین تعلقات سخت کشیدہ ہیں اور بورڈ عہدیداران چند کھلاڑیوں کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو پسند کرتے ہیں۔ البتہ ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن نے اس واقعے کی سختی سے مذمت کی ہے اور بورڈ سے مکمل وضاحت طلب کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں بھارت کے دورے پر موجود کھلاڑیوں نے بورڈ کے ساتھ تنخواہوں کے معاملات پر اختلاف پیدا ہونے کےبعد دورہ ادھورا چھوڑ دیا تھا، جس کے بعد ہونے والی انضباطی کارروائی ہی کا نتیجہ ہے کہ ڈیوین براوو نہ صرف قیادت سے محروم ہوئے، بلکہ کیرون پولارڈ کے ساتھ عالمی کپ کے دستے سے بھی باہر ہوگئے کہ جہاں قیادت جیسن ہولڈر کے ہاتھوں میں ہے۔