آسٹریلیا 26 رنز پر 8 آؤٹ!

2 1,030

عالمی کپ 2015ء کے شایان شان ایک مقابلہ آج آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا گیا جہاں انتہائی سنسنی خیز معرکہ آرائی کے بعد جیت نیوزی لینڈ کے نام رہی۔ گو کہ دونوں ٹیموں کی کارکردگی کم نہیں تھی، خاص طور پر گیندبازوں نے کارہائے نمایاں انجام دیے لیکن اگر فیصلے کی بنیاد پر دیکھا جائے تو کایاپلٹ مرحلہ وہ تھا جب آسٹریلیا نے صرف 26 رنز کے اضافے سے اپنی 8 وکٹیں گنوائیں۔

آسٹریلیا کا آغاز ہر گز برا نہیں تھا، بلکہ تیرہویں اوورز میں 80 رنز پر صرف ایک کھلاڑی کا آؤٹ ہونا مثالی شروعات کہا جا سکتا ہے لیکن شین واٹسن کے آؤٹ ہوتے ہی ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی اور ڈینیل ویٹوری کی قہر ڈھاتی گیندبازی کے سامنے آسٹریلیا نے گھٹنے ٹیک دیے اور پوری ٹیم صرف 32.2 اوورز میں 151 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس دوران آسٹریلیا نے 80 رنز ایک آؤٹ سے 106 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ کا بھیانک سفر کیا جو اس کی بدترین کارکردگی ہے۔

یہ آسٹریلیا کے لیے سب سے کم رنز پر 8 وکٹیں گنوانے کا موقع تھا۔ 2009ء میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا صرف ایک وکٹ پر 95 رنز سے 122 رنز پر 9 وکٹوں تک پہنچا تھا یعنی 27 رنز پر 8 وکٹیں گری تھیں۔

ویسے آخر میں مقابلہ تو بہت سنسنی خیز مرحلے میں پہنچ گیا، لیکن آسٹریلیا کی شکست اس کا منطقی انجام تھا۔ عالمی نمبر ایک اور عالمی اعزاز کے لیے مضبوط ترین امیدوار کی بلے بازی کے یوں ناکام ہونے کے بعد ضروری تھا کہ آسٹریلیا کو شکست ہو تاکہ وہ اپنی اس کمزوری پر قابو پائے۔