سری لنکا بام عروج پر، انگلستان لبِ گور

0 1,069

آپ کا شمار اگر ان افراد میں ہوتا ہے جنہیں عالمی کپ میں سری لنکا کی اہلیت پر شبہ تھا، تو ان کے لیے اب آنکھیں ملنے کا وقت آ چکا ہے۔ سری لنکا نے انگلستان کے خلاف 310 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرکے اپنی اہلیت ثابت کردی ہے۔ کمار سنگاکارا اور لاہیروتھریمانے کی سنچریوں اور 212 رنز کی ناقابل شکست رفاقت نے انگلستان کو لبِ گور تک پہنچا دیاہے اور ساتھ ہی سری لنکا کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کو تقریباً یقینی بنا دیا ہے۔

ویلنگٹن کے ویسٹ پیک اسٹیڈیم میں انگلستان نے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور معین علی اور این بیل کے عمدہ آغاز کی بدولت ایک بڑے مجموعے کی جانب جم کر قدم اٹھایا۔ دونوں نے 62 رنز کی افتتاحی شراکت داری قائم کی۔ معین علی تو 15 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ این بیل کی اننگز 49 پر تمام ہوئی۔ اس وقت جس بلے باز نے خم ٹھونک کر سری لنکا کے گیندبازوں کا سامنا کیا وہ نوجوان جو روٹ تھے۔ روٹ کی بدقسمتی یہ ہے کہ انگلش کرکٹ کے بدترین دور میں قومی کرکٹ کے منظرنامے پر نمودار ہوئے ہیں، ورنہ ان جیسا باصلاحیت بلے باز ہو اور ٹیم شکست در شکست کھائے، ایسا بہت کم دکھائی دیتا ہے۔ بہرحال، کپتان ایون مورگن کی ناکام اور 47 گیندوں پر 27 رنز کی مایوس کن اننگز کے خاتمے کے بعد روٹ نے جیمز ٹیلر کو اپنا ساتھی بنایا اور 98 رنز کی شراکت داری سے انگلستان کو 259 رنز تک پہنچا دیا۔ جب ٹیلر 25 اور جو روٹ 108 گیندوں پر 121 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو اسکور کو 300 رنز کی نفسیاتی حد پار کرانے میں اہم کردار وکٹ کیپر جوس بٹلر نے ادا کیا۔ انہوں نے صرف 19 گیندوں پر 39 رنز بنائے، جس میں ایک چھکا اور 6 چوکے بھی شامل تھے۔ یوں روٹ اور بٹلر کی باہمی کوششوں سے انگلستان آخری 15 اوورز میں 148 رنز کا اضافہ کرکے 309 رنز پر پہنچ گیا، جو کافی اچھا مجموعہ دکھائی دیتا تھا۔

سری لنکا کے آزمائے کے تمام ہی گیندبازوں نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی لیکن اصل امتحان ان کے بلے بازوں کا تھا۔ جیمز اینڈرسن، اسٹورٹ براڈ، اسٹیون فن اور کرس ووکس کے سامنے وہ کس طرح اتنا بڑا مجموعہ حاصل کرپائیں گے؟ اس سوال کا جواب کچھ ہی دیر میں مل چکا تھا۔ 19 اوورز تک انگلستان کے یہ "مایہ ناز گیندباز" وکٹ حاصل کرنے کو ترستے رہے۔ جب خدا، خدا کرکے تلکارتنے دلشان کو 44 رنز پر آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے تب کل مجموعہ 100 رنز کو چھو رہا تھا۔ پھر لاہیرو تھریمانے اور آنے والے بلے باز کمار سنگاکارا نے انہیں مزید کوئی خوشی کا موقع فراہم نہیں کیا۔ تھریمانے نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری ایک بڑے اسٹیج پر بنائی جبکہ کمار سنگاکارا نے مسلسل دوسرے مقابلے میں سینکڑا بنا کر 14 ہزار ایک روزہ رنز کے قریب پڑاؤ ڈال لیا ہے۔ دونوں بلے بازوں نے صرف 170 گیندوں پر 212 رنز جوڑے اور سری لنکا نے 48 ویں اوور ہی میں ہدف کو جا لیا۔

یہ ایک روزہ کرکٹ تاریخ میں محض دوسرا موقع تھا کہ کوئی ٹیم 300 سے زیادہ کا ہندسہ صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرگئی۔

تھریمانے 143 گیندوں پر 139 رنز جبکہ سنگاکارا صرف 86 گیندوں پر 117 رنز کے ساتھ ناقابل شکست میدان سے واپس آئے۔ دونوں کی اننگز میں دو، دو چھکے بھی شامل تھے۔

بنگلہ دیش کے بعد انگلستان کے خلاف بلے بازی کے اس شاندار مظاہرے نے سری لنکا کے حوصلوں کو آسمان پر پہنچا دیا ہے جبکہ انگلستان اب عالمی کپ سے قبل از وقت اخراج کا سامنا کررہا ہے۔ اسے اپنے آئندہ دونوں مقابلوں میں لازمی بنگلہ دیش اور افغانستان کو شکست دینا ہوگی، جو موجودہ حالت کو دیکھتے ہوئے خود ایک بڑا امتحان لگتی ہے۔

سری لنکا کو اب آسٹریلیا کا سامنا کرنا ہے اور پہلے ہی سے 6 پوائنٹس کی موجودگی اس کے لیے اطمینان کا سبب ہے اس لیے وہ 8 مارچ کو کھل کر میزبان کا سامنا کرے گا۔

انگلستان بمقابلہ سری لنکا

عالمی کپ 2015ء - بائیسواں مقابلہ

بمقام: ویسٹ پیک اسٹیڈیم، ویلنگٹن، نیوزی لینڈ

نتیجہ: سری لنکا 9 وکٹوں سے کامیاب

میچ کے بہترین کھلاڑی: کمار سنگاکارا

رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
معین علی کیچ لکمل بولڈ میتھیوز 15 26 3 0 57.69
این بیل بولڈ لکمل 49 54 7 0 90.74
گیری بیلنس کیچ و بولڈ دلشان 6 14 1 0 42.86
جو روٹ ایل بی ڈبلیوہیراتھ 121 108 14 2 112.04
ایون مورگل کیچ دلشان بولڈ پیریرا 27 47 2 1 57.45
جیمز ٹیلر کیچ دلشان بولڈ مالنگا 25 26 1 1 96.15
جوس بٹلر ناٹ آؤٹ 39 19 6 1 205.26
کرس ووکس ناٹ آؤٹ 9 8 1 0 112.5
فاضل رنز ب 4، ل ب 3، و 9، ن ب 2 18
کل رنز 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 309
گیندبازی (سری لنکا) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈ اکانمی ریٹ
لاستھ مالنگا 10.0 0 63 1 0 2 6.3
سورنگا لکمل 7.4 0 71 1 2 2 9.26
اینجلو میتھیوز 10.0 1 43 1 0 1 4.3
تلکارتنے دلشان 8.2 0 35 1 0 0 4.2
رنگانا ہیراتھ 5.5 0 35 1 0 0 6.0
تھیسارا پیریرا 8.1 0 55 1 0 0 6.74
 (ہدف: 310 رنز) رنز گیندیں چوکے چھکے اسٹرائیک ریٹ
لاہیرو تھریمانے ناٹ آؤٹ 139 143 13 2 97.2
تلکارتنے دلشان کیچ مورگن بولڈ علی 44 55 4 2 80.0
کمار سنگاکارا ناٹ آؤٹ 117 86 11 2 136.05
فاضل رنز ب 8، ل ب 1، و 3 12
کل رنز 47.2 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 312
گیندبازی (انگلستان) اوورز میڈنز رنز وکٹیں نو-بالز وائیڈز اکانمی ریٹ
جیمز اینڈرسن 8.0 0 48 0 0 0 6.0
اسٹورٹ براڈ 10.0 1 67 0 0 1 6.7
کرس ووکس 9.2 0 72 0 0 1 7.71
اسٹیون فن 8.0 0 54 0 0 1 6.75
معین علی 10.0 0 50 1 0 0 5.0
جو روٹ 2.0 0 12 0 0 0 6.0